شاہین شاہ آٖفریدی کی ٹیسٹ میں سب سے اچھی بولنگ

288

شاہین شاہ آٖفریدی نے کنگسٹن میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹمیں34.5اوور میں94 رنز دیکر10 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جو انکی ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے اچھی بولنگ ہے۔ انہوں نے اپنے19 ویں ٹیسٹ میں پہلی مرتبہ ایک ٹیسٹ میں10 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔بائیں ہاتھ کے اس تیز بولر نے ٹیسٹ کی پہلی اننگ میں17.3 اوور میں51 رنز دیکر 6کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ دوسری اننگ میں وہ 17.2 اوور میں43 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے میں کامیاب رہے۔ اس سے پہلے ایک ٹیسٹ میں انکی سب سے اچھی بولنگ کارکردگی38.4اوور میں109 رنز دیکر8 وکٹیں تھیں جو انہوں نے اسی میدان پر سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں انجام دی تھی۔شاہین شاہ آٖفریدی کی بولنگ کارکردگی پاکستان کے لئے کسی تیز بولر کی جنوری 2006 کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں دوسری سب سے اچھی بولنگ کارکردگی ہے۔ محمد آصف نے سری لنکا کے خلاف کینڈی میںسری لنکا کے خلاف اپریل 2006 میں35 اوور میں71 رنز دیکر 11کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا جوپاکستان کے لئے جنوری 2006 کے بعد ایک ٹیسٹ میں کسی تیز بولر کی سب سے اچھی بولنگ کارکردگی ہے۔ تب سے اب تک پاکستان کی جانب سے صرف 4 تیز بولروں نے ایک ٹیسٹ میں10 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ محمد عباس نے آسڑیلیا کے خلاف ابوظبہی میں اکتوبر 2018 میں29.4 اوور میں95 رنز دیکر10 کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے میں کامیاب رہے تھے جبکہ حسن علی نے جنوبی افریقا کے خلاف راولپنڈی میں31.4اوور میں114 رنز دیکر10 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ویسٹ انڈیز کے خلاف ابھی تک پاکستان کے 7 بولروں نے ایک ٹیسٹ میں 10 سے زیادہ کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ہے، ان7 بولروں میں سے 3 اسپنر اور 4 فاسٹ بولر ہیں۔ویسٹ انڈیز میں پاکستان کے4 بولروں نے ایک ٹیسٹ میں10 سے زیادہ کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ بائیں ہاتھ سے تیز بولنگ کرانے والے وسیم اکرم نے سینٹ جونس میں مئی 2000 میں56.2 اوور میں110 رنز دیکر11کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا جو ویسٹ انڈیز میں پاکستان کی جانب سے سب سے اچھی بولنگ کارکردگی ہے۔ اس میچ میں پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست ہوئی تھی۔ پروڈینس میں مئی2011 میں ہوئے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو40 رنز سے شکست ہوئی تھی۔ اس ٹیسٹ میں آف اسپنر سعید اجمل 56.5 اوور111رنز دیکر 11کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے میں کامیاب رہے تھے۔ جارج ٹاون میں اپریل 1988 میں ہوئے ٹیسٹ میں عمران خان نے37.2 اوور میں121 رنز دیکر11کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا اور اپنی ٹیم کو9 وکٹوں سے جیت دلائی تھی۔ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کی جانب سے سب سے اچھی بولنگ کا ریکارڈ فضل محمود کے پاس ہے جنہوں نے ڈھاکامیں مارچ 1959 میں ہوئے ٹیسٹ میچ میں45.3 اوور میں100 رنز دیکر12کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ انکے علاوہ کوئی اور پاکستانی بولر ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک ٹیسٹ میچ میں 12کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے میں کامیاب نہیں ہوا ہے۔ اس ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف41 رنز سے جیت اپنے نام کی تھی۔