نیب کا ایمان عمران خان فری احتساب ہے، مریم اورنگزیب

437

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہےکہ احتساب کا گندا نظام نیب نیازی گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے، نیب کا ایمان عمران خان فری احتساب ہے جبکہ شہباز شریف کو موصول طلبی کے نوٹس کا جواب جمع کرا دیا۔

تفصیلات کے مطابق  مریم اورنگزیب نے کہاہےکہ شہباز شریف کو 12 اگست کو طلبی کانوٹس موصول ہوا، انہیں اس سے قبل طلبی کا کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا  جبکہ شہبازشریف کو موصول طلبی کے نوٹس کاجواب جمع کرادیا ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ  ہم نیب میں جواب جمع کرانے آئے تو انہوں نے حصار میں لے لیا، شہباز شریف نے 10 سال پنجاب کے عوام کی ڈٹ کر خدمت کی، شہباز شریف نے عوام کو ریلیف دیا، اسپتال اور یونیورسٹیاں بنائیں، شہباز شریف نے 55 سو میگاواٹ بجلی کا فیصلہ بھی کیا تھا جبکہ عمران خان نیازی نے شہباز شریف کے لگائے ہر منصوبے کو متنازع بنایا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کیا  عمران خان کو ان ہی میٹرو، اسپتالوں اور بجلی منصوبوں کے فیتے کاٹتے شرم نہیں آتی؟ ۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ تماشے کی قلعی کھل چکی ہے، اربوں کی کرپشن کا الزام اب 45 لاکھ تک پہنچ چکا ہے، احتساب کا گندا نظام نیب نیازی گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے، نیب کا ایمان عمران خان فری احتساب ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ  دوائی، چینی، آٹا، بجلی اور گیس چورحکمران کو کوئی کال نوٹس نہیں جاتا، چیئرمین نیب کو پشاور بی آر ٹی کے 126 ارب کے کھڈے نظر نہیں آتے، اسپتالوں کو بند اور ادویات پر ڈاکا ڈالا گیا، لیکن عمران خان کو طلبی کا کوئی نوٹس نہیں ملتا، نیب نیازی گٹھ جوڑ کا بیانیہ دفن ہو رہا ہے۔