کراچی (اسٹاف رپورٹر)الصغیر نارتھ کراچی ہاکی اکیڈمی اور الصغیر ہاکی کلب نے پاکستان کے 74 ویں جشن آزادی کو ” کلین کراچی گرین کراچی” مہم کے تحت منایا، نارتھ کراچی سیکٹر الیون اے میں واقع الصغیر ہاکی اسٹیڈیم میں پرچم کشائی سے تقریب کا آغاز کیا گیا، ایم کیو ایم پاکستان کے ممبر صوبائی اسمبلی اور سرپرست اعلیٰ الصغیر نارتھ ہاکی اکیڈمی وسیم قریشی نے پرچم کشائی کی، جشن آزادی کیک کاٹا اور پودے بھی لگائے جبکہ اکیڈمی کے جونئیرز اور سینئرز کھلاڑیوں نے اسٹیڈیم کے اندر ، باہر اور اطراف کی نہ صرف صفائی کی بلکہ قومی پرچم تھام کر جشن آزادی ریلی بھی نکالی، اس دوران فضاء پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی، ریلی میں 100 سے زائد افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر الصغیر ہاکی کلب و اکیڈمی کے روح رواں سید صغیر حسین، سیکریٹری عظمت پاشا ، انٹرنیشنل ہاکی کھلاڑی مببشر مختار چیئرمین امتیاز شیخ، اکیڈمی کے ہیڈ کوچ مسرور جاوید, جنید اسلم ، حمزہ ہاشمی ، راو بلال ، طارق خان ، سمیت جونیئرز، سینیئرز اور ویٹرنز کھلاڑیوں کے علاوہ علاقہ مکین اور کھلاڑیوں کی فیملی ممبران کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مہمان خصوصی وسیم قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر اسٹیڈیم کی صفائی اور پودے لگانا الصغیر ہاکی کلب کا قومی کھیل ہاکی اور ملک سے والہانہ محبت کا ثبوت ہے، 14 اگست کے موقع پر جہاں ہر طرف کھیلوں کے مقابلے ہورہے ہیں تو یہاں کلین کراچی گرین کراچی مہم کے تحت صفائی بھی ہوئی اور گرائونڈ کو سرسبز کرنے کا آغاز بھی کیا گیا، 8 ماہ قبل اس گرائونڈ پر گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے تھے اور جھاڑیوں کا جنگل بنا ہوا تھا جبکہ اسٹیڈیم کے سامنے کچرا کنڈی تھی اسٹیڈیم کے اندر آنا تو درکنار اسکے سامنے سے بھی کوئی گزرنا پسند نہیں کرتا تھا، لیکن جب سے یہ اسٹیڈیم الصغیر ہاکی کلب کی سرپرستی میں آیا ہے یہاں ہاکی بھی کھیلی جارہی ہے اور ساتھ ساتھ اسٹیڈیم کو خوبصورت بھی بنایا جارہا ہے، یہ کلب اپنے محدود وسائل میں رہ کر یہ سب کام کررہا ہے انہوں نے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ سے بھی درخواست کی کہ وہ اس اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش اور میدان کا اسٹینڈرڈ بہتر کرنے میں انکی مدد کریں، ممبر صوبائی اسمبلی نے کہا کہ اس اسٹیڈیم کو کسی نے اپنا نہیں مانا اور نہ ہی قبول کیا لیکن الصغیر کلب کے آنے سے یہاں اب فیملیز بھی آرہی ہیں جو اس کلب کی کامیابی کا ثبوت ہے۔