صوابی ،بچوں کی لڑائی پر فائرنگ،4 افراد ہلاک

244

صوابی (این این آئی) موضع تورڈھیر ضلع صوابی میںبچوں کی لڑائی پر ہونے والے سابقہ عداوت پر اندھا دھند فائرنگ سے فریق اول کے تین افراد جاں بحق، دو زخمی جبکہ فریق دوم کا ایک شخص جاں بحق، دوسرا زخمی ہوگیا۔ مقتولین میں فریق اول سے دو بھائی اور ان کا بھانجا شامل ہیں۔ انعام اللہ ولد منصف اللہ سکنہ تورڈھیر نے زخمی حالت میں تھانہ تورڈھیر میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ شام ابو بکر مسجد کے قریب شہباز لار تورڈھیر کے مقام پر مبینہ طور پر فرح سیر ، اول شیر پسران علی شیر ، معاذ اللہ ولد فلک شیر اور نظار ولدنامعلوم ساکنان تورڈھیر نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں ان کا 52سالہ والد منصف اللہ ، چالیس سالہ چچا عاطف اللہ پسران فرمان اللہ اور تیس سالہ پھوپھی زاد عبدالحفیظ ولد فضل باچا جاں بحق جبکہ وہ اورسترہ سالہ چچا زاد بھائی عمیر ولد عاطف اللہ مقتول شدید زخمی ہوگئے۔ رپورٹ میں وجہ عناد سابقہ لڑائی جھگڑا بیان کیا ہے۔ تینوں مقتولین اپنے گائوں تورڈھیر میں کریانہ دکان چلاتے تھے۔ تورڈھیر پولیس نے مبینہ ملزمان کیخلاف ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔ دریں اثناء فریق دوم سے اول شیر ولد علی شیر سکنہ تورڈھیر نے تھانہ تورڈھیر میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ مبینہ طور پر اجمل خان ولد درے خان ، حجاب منیر ولد اجمل خان ، عابد ولد خالد ، انعام اللہ ولد منصف اللہ ساکنان تورڈھیر نے ان پر اور محمد فواد ولد فلک شیر ساکنان تورڈھیر پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں محمد فواد گولی لگنے سے جاں بحق جب کہ وہ اول شیر زخمی ہو گیا۔رپورٹ میں وجہ عناد بچوں کی لڑائی بیان کی ہے۔ تورڈھیر پولیس نے الگ الگ ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ مقتولین کو جمعہ کے روز اپنے آبائی قبر ستان تورڈھیر میں سپردخاک کر دیا گیا، ایک گھر سے چار جنازے اُٹھنے پر گائوں میں کہرام مچ گیا۔