حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) سینئر ججز کی موجودگی میں جونیئر جج کو مقرر کرنا سینیارٹی کے اصولوں کی سنگین خلاف وزی ہے، یہ سندھ کے ساتھ ناانصافی ہی نہیں بلکہ سندھ کی توہین ہے حکمران ہوش کے ناخن لیں۔ ان خیالات کااظہار سندھ ترقی پسند پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی نے ترقی پسند لائر فورم کے صدر پروفیسر غلام حسین مہیسر کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدالت عظمیٰ میں ججز کی تقرری سینیارٹی کے بجائے پسند ناپسند کی بنیاد پر کی جارہی ہے، جو عدالت کی خود مختاری کیخلاف ہے اور اس کو تمام وکلاء برادری عدم اعتماد کا اظہار کرتی ہے، اس کے باوجود موجودہ حکمران پرویز مشرف کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ عدالت عظمیٰ اور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کا ایڈہاک پر تقرر کرنا نہ صرف سندھ سے انصافی ہے بلکہ توہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی ایس ٹی پی نے ایسے اقدام کیخلاف جدوجہد کی اور اب بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم جوڈیشل کونسل میں ججز کی تقرری کا کوئی معیار نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی میں پی پی، پی ٹی آئی نے ظاہر کردیا کہ ان کو سندھ یا ملک کے مفادات کے بجائے اپنا مفاد عزیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ترقی پسند پارٹی لائر فورم اس حوالے سے اپنا احتجاج ریکارڈ کرائے گئے، ملک میں عدالتی عمل کو شفاف بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔