اسلام آباد ہائیکورٹ اور ضلعی عدلیہ کے ججز کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ معطل

720
اسلام آباد ہائیکورٹ کا وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس

اسلام آباد: چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے ججوں اور بیوروکریٹس کو قرعہ اندازی کے ذریعے پلاٹوں کی الاٹمنٹ پر حکم امتناع جاری کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد میں ججوں اور بیوروکریٹس کو قرعہ اندازی کے ذریعے پلاٹوں کی الاٹمنٹ پر اسلام آباد ہائیکورٹ کا بڑا حکم سامنے آیا ہے، جسٹس اطہر من اللہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ اور ضلعی عدلیہ کے ججوں کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ معطل کرتے ہوئے اس پر حکم امتناع جاری کردیا ہے۔

عدالت نے مقامی افراد کو آباؤ اجداد کی زمینوں سے بے دخل کرنے سے بھی روک دیا ہے، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ حیرت انگیز طور پر کرپشن اور جرائم میں سزا پانے والے ججوں کو بھی پلاٹ ملے، پوری ضلعی عدلیہ کو پلاٹ ملے، اور جن کی زمینیں لی گئیں وہ انصاف کے لیے کہاں جائیں، طیبہ تشدد کیس میں سزا پانے والے، کرپشن پر ہٹائے جانے والے ججوں کو بھی پلاٹ ملے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے پلاٹس کیس کے لیے لارجر بینچ تشکیل دینے کا حکم دے دیا، عدالت نے اٹارنی جنرل کو کیس میں معاونت کے لیے نوٹس جاری کردیا، جب کہ سیکرٹری ہاؤسنگ کو وفاقی حکومت سے ہدایات لینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور وفاقی کابینہ سے پوچھ کر بتائیں کہ ریاست کی زمین کچھ طبقات میں تقسیم کرنے کا کیا پیمانہ اور پالیسی ہے۔

واضح رہے کہ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی ایف 14، ایف 15 کے مختلف کیٹگریز کے 4700 پلاٹس کی قرعہ اندازی کی گئی تھی، جس میں چیف جسٹس گلزار احمد، سابق چیف جسٹس آف پاکستان انور ظہیر جمالی اور پانامہ کیس کا فیصلہ تحریر کرنے والے اعجاز افضل خان سمیت معروف ججز اور بیوروکریسی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے بھی پلاٹ نکلے تھے۔