سانگھڑ ،پانی کی قلت کیخلاف زمینداری و ہاری سراپا احتجاج

221

سانگھڑ(نمائندہ جسارت )مٹھڑائو کینال کے زمیندار اورہاری سراپا احتجاج،محکمہ آبپاشی کے اہلکار غیر قانونی طور پر واٹر کورس کو بند کر کے ہزاروں ایکڑ زمینوں کو بنجر بنانے پر تلے ہوئے ہیں،مٹھڑائو کینال میں اس وقت وافر مقدار میں پانی بہہ رہا ہے رشوت نہ دینے پر مختلف واٹر کورسز کو بند کیا جاتا ہے۔حکومت سندھ نوٹس لے۔تفصیلات کے مطابق سانگھڑ مٹھڑائو کینال سے نکلنے والے آر ڈی ون اور دیگر واٹر کورسز کے زمینداروں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایس ڈی او خان محمد میمن کے احکامات پر ہمارے واٹرز کورسز کو بند کیا جاتا ہے جو کہ غیر قانونی عمل ہے۔مظاہرین میں شامل گل حسن، زاہد، موج علی، میوو، گل شیر اور ہاشم شر نے مبینہ طور پر محکمہ آبپاشی کے داروغے عطا محمد ملاح اور ایس ڈی او پر الزم عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماہانہ لاکھوں روپے رشوت لینے کے باوجود واٹر کورس کو بند کیا جاتا ہے۔مظاہرین کا مزید کہنا تھا کہ واٹر کورس بند ہونے سے ہماری ہزاروں ایکڑز زمینیں بنجر ہو کر رہ گئی ہیں۔ہم چھوٹے زمیندار ہیں ہمارے ساتھ ظلم کیا جارہا ہے جبکہ با اثر زمینداروں کو وافر مقدار میں پانی مہیا کیا جارہا ہے۔مظاہرین نے محکمہ آبپاشی حکام اور حکومت سندھ اور ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا نوٹس لیا جائے۔ دوسری جانب رابطہ کرنے پر ایس ڈی او خان محمد میمن نے کہا ہے کہ بھان واہ میں پانی کی قلت کی وجہ سے روٹیشن شیڈول جاری کیا گیا وارہ بندی کے مطابق واٹرکورس کو بند کیا جائے گا۔ مگر ایس ڈی او آبپاشی نے میڈیا کو وارہ بندی کا شیڈول نہیں دکھایا۔