دادو، ضلع سانگھڑ میں صحافی غلام قادر شر پر وڈیرے کا تشدد

284

دادو (نمائندہ جسارت) ضلع سانگھڑ کے ورکشاپ علاقے میں صحافی غلام قادر شر پر وڈیرے کا تشدد دادو پریس کلب کے صحافیوں اور سندھ جرنلسٹ کونسل کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، سندھ کے صحافیوں پر تشدد بند کیا جائے، مظاہرین کے نعرے۔ سندھ کے ضلع سانگھڑ کے ورکشاپ کے علاقے میں چار دن قبل صحافی غلام قادر شر پر وڈیرے کمال الدین شر کی جانب سے بے رحمانہ تشدد کیا گیا، وڈیرے کمال الدین کیخلاف دادو پریس کلب کے سامنے سندھ جرنلسٹ کونسل اور دادو پریس کلب کے صحافیوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی۔ دادو پریس کلب کے صدر صابر بھنڈ، سندھ جرنلسٹ کونسل ضلع دادو کے صدر غوث علی جھتیال، حیدرآباد یونین آف جرنلسٹ ضلع دادو کے صدر گلن بھنڈ، فورتھ پلر دادو کے صدر ادل مہیسر، لیاقت علی ملک، غلام مصطفی پنہور، اعجاز علی چانڈیو، آزاد بلوچ، دیدار علی شیخ، حبدار علی، ایس ایم لغاری، سرور جلال سولنگی، اشفاق ملک، ظہیر چانڈیو، شبیر مستوئی، آصف سومرو، کامران کورائی، نیاز چانڈیو، شہزاد چانڈیو، شہزاد سومرو اور دیگر نے کہا کہ سندھ میں صحافیوں پر تشدد عام ہوگیا ہے۔ سندھ حکومت صحافیوں کو تحفظ کرانے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔ رہنماؤں نے مزید کہاکہ صحافی غلام قادر پر سچی خبر چلانے پر بااثر وڈیرے کمال الدین شر اور اس کے غنڈوں پر داخل مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی جائیں، پورے سندھ میں صحافیوں کیخلاف کارروائیاں اور جھوٹے کیس ختم کیے جائیں۔ احتجاجی مظاہرے میں ضلع دادو اور تحصیل جوہی، میہڑ، پھلجی اسٹیشن، میہڑ، خیرپور ناتھن شاہ، سیتا، اور کاچھو کے صحافیوں نے بھی شرکت کی۔