لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے 3سال میں مہنگائی کرکے قوم کو سب سے زیادہ مایوس کیا،حکومت میں ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی کوئی صلاحیت ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ غربت اور بے روزگاری گھر گھرناچ رہی ہے، عام آدمی میں اتنی سکت نہیں کہ اپنی فیملی کا پیٹ پال سکے، اشیائے خورونوش کی چیزوں کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں، سابقہ حکومتوں نے ملک کا ستیاناس کیا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ خطے کی بدلتی صورت کے تناظر میں ملک میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا حکومت اور سیکیورٹی اداروں کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت ملک میں کرپشن اور بدعنوانی کے خاتمے میں مکمل ناکام ہو گئی، مافیاز اربوں کما رہے ہیں اور دندناتے پھر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں اسلامی قوتوں کی فتح پر نئی دہلی کو سانپ سونگھ گیا، بھارت سازشوںمیں مصروف، کسی صورت خاموش نہیں بیٹھے گا، پاکستان، افغانستان میں امن، خوشحالی، سلامتی اور ترقی کے لیے دعاگو ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ یقین سے کہتا ہوں کہ خطہ قرآن کے نور سے منور ہوگا اور عوام خوشحال ہوں گے۔ واقعہ کربلا حضور پاک کے خانوادے کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ امام حسینؓ حق پر ثابت قدم رہے اور اپنے پورے خاندان کی قربانی دے دی، انسانی تاریخ میں ایسی ثابت قدمی کی مثال نہیں ملتی، آئیے واقعہ کربلا سے سبق سیکھیں اور حق اور سچائی کا علم بلند کریں۔