مولانا فضل الرحمن کا طالبان سے ہر قسم کے تعاون کا اعلان

395

اسلام آباد (آن لائن) امیر جمعیت علما اسلام مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام پاکستان افغانستان میں تحریک اسلامی طالبان افغانستان کی 20سالہ طویل جہاد کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتی ہے۔ جمعیت نے روز اول سے امریکہ اور نیٹو افواج کے افغانستان پر حملے کو جارحیت اور تجاوز قرار دیا تھا اور طالبان کی طرف سے مزاحمت کو جائز دفاع قرار دیا تھا ،الحمد للہ بیش بہا مخلصانہ قربانیوں کے بعداللہ تعالی کی مدد اور تائید سے طالبان مجاہدین نے اپنے وطن افغانستان کو عالمی قوتوں اور ان کے گماشتوں سے آزاد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا طالبان قیادت نے فتوحات حاصل کرنے کے بعد امن ، خیر سگالی اور مفاہمت کی پالیسی کے ساتھ جس نئے نظام کے آغاز کیا ہے جمعیت علمائے اسلام اسے قدر کے نگاہ سے دیکھتی اور دل کی گہرائیوں سے اسے خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا ہم صمیم قلب سے تحریک اسلامی طالبان کے امیر مولوی ھبۃ اللہ حفظہ اللہ اور ان کے تمام رفقاء کار کو اس عظیم کامیابی اور نئی تاریخ رقم کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور رب متعال سے دوام و استقلال کیلئے دعا گو ہیں۔