لاڑکانہ ،سگ گزیدگی نہ رک سکی،آوارہ کتوں نے 15 افراد کو کاٹ لیا

361

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) شہر اور گردونواح میں آوارہ کتوں کی بہتات، آوارہ کتوں نے 15 افراد کو کاٹ کر زخمی کردیا، جن میں 26 سالہ شریفان خاتون، 15 سالہ شیراز، 6 سالہ معظم، قدیر، 40 سالہ منٹھار سمیت دیگر شامل ہیں جنہیں ورثاء کی جانب سے زخمی حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات میں قائم اینٹی ربیز ویکسین سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں تمام زخمیوں کو ویکسین اور علاج فراہم کرنے کے بعد گھر بھیج دیا گیا۔ سینٹر انتظامیہ کے مطابق آوارہ کتوں کے کاٹنے سے زخمی افراد کا تعلق لاڑکانہ شہر، تحصیل ڈوکری، باقرانی اور رتوڈیرو کے مختلف شہروں اور دیہات سے ہے، جنہیں بروقت ویکسین اور علاج فراہم کرنے کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے۔ لاڑکانہ شہر کے مراد واہن محلہ میں بجلی کے کھمبے سے کرنٹ لگنے کے باعث 40 سالہ محنت کش احمد علی شیخ جھلس کر شدید زخمی ہوا، جسے ورثاء کی جانب سے زخمی حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کے جسم کا پچاس فیصد حصۃ جھلسنے کی تصدیق کرتے ہوئے طبی امداد دی۔ ورثاء کے مطابق محنت کش احمد علی شیخ گھر کی خراب بجلی کے تاروں کی مرمت کے لیے کھمبے پر چڑھنے کے دوران بجلی کا کرنٹ لگنے کے باعث جھلس کر زخمی ہوا، جسے اسپتال منتقل کیا گیا۔ لاڑکانہ وومن پولیس نے سیالکوٹ کے علاقے کھیوا باجوہ کی رہائشی شادی شدہ خاتون زنیرا باجوہ کو لاڑکانہ کی سکستھ ایڈیشنل اینڈ سیشن جج کی عدالت میں پیش کیا، جہاں خاتون کی جانب سے اپنا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد عدالت نے خاتون کو دارالامان کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کردیے جبکہ عدالتی احکامات پر وومن پولیس نے کورونا ٹیسٹ کے بعد خاتون کو دارالامان منتقل کردیا۔ پولیس کے مطابق زنیرا کے ساتھ شہر کے منور آباد کے رہائشی غلام شبیر کلہوڑو نے نکاح پر نکاح کیا جبکہ خاتون نے عدالت کو بتایا کہ انہیں اغوا کرنے کے بعد زبردستی تین لاکھ روپے کے عوض نکاح پر نکاح کرواکر غلام شبیر کلہوڑو سے ان کی شادی کروائی گئی۔ پولیس نے مزید بتایا کہ غلام شبیر کلہوڑو پولیس حراست میں ہے جس کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے گا جبکہ زبیرا کی والدہ بھی لاڑکانہ پہنچنے والی ہیں، جسے ان کی والدہ کے حوالے کیا جائے گا۔