سراج الحق کی افغانستان کی کامیابی پرطالبان کو مبارکباد

901

لاہور: جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے افغان عوام اور تحریک اسلامی طالبان افغانستان کو امارت اسلامی افغانستان میں کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پڑوسی ملک میں امریکی استعمار کی شکست امت اسلامی کےلئے قابل فخر سنگ میل ہے۔

مردان میں اجتماع سے خطاب خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ افغان عوام نے ایک طویل جد و جہد اور بے پناہ قربانیوں کے بعد امریکی استعماری قوت کو شکست دی ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ  اس سے پہلے اسی افغان ملت نے انگریز اور روسی طاقتوں کو بھی شکست دی تھی اور گذشتہ 20 سال میں ایک تاریخی جد و جہد کے بعد اب تحریک اسلامی طالبان افغانستان کے سر فروشوں نے امریکی ، نیٹو افواج اور اس کی کٹھ پتلی حکومت کو شکست سے دو چار کیا۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ  ہندوستانی حکومت نے جس طرح افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف سازشوں کا مرکز بنایا تھا،اسلامی قوتوں کی فتح نے اس کا بھی قلع قمع کر دیا ہے۔

 سراج الحق نے کہا کہ ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ امریکی افواج انخلاءسے قبل ان لوگوں کو حکومت سونپ دیتی جن سے 20 سال پہلے طاقت کے زور پر حکومت چھینی گئی تھی اور امارت اسلامی افغانستان ختم کی گئی تھی لیکن افغانستان میں اس مسلمہ بین الاقوامی اصول کو نظر انداز کیا گیا۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ غیر ملکی میڈیا نے بھی اس مقصد کےلئے پروپیگنڈا کیا کہ اور تحریک طالبان کو ایک جنگجو اور سخت گیر گروہ کے طور پر پیش کیا لیکن اللہ تبارک و تعالیٰ کے فضل و کرم سے گذشتہ ہفتہ کے واقعات نے اس پرو پیگنڈہ کے غبارے سے ہوا نکال دی۔

سراج الحق نے کہا کہ افغانستان میں بغیر کسی جنگ و جد ل کے بہت بڑی تبدیلی آچکی ہے، انہیں امید ہے کہ آئندہ آنے والے دنوں میں ایک مستحکم نمائندہ اسلامی حکومت قا ئم ہوگی جو افغان عوام کی امنگوں کی ترجمان ہو گی اور ملک کے طول و عرض میں امن و امان اور قانون شریعت کی بالادستی کو یقینی بنائے گی۔