لورالائی اور کراچی میں یوم آزادی پر دہشتگردی لیوی اہلکار سمیت 12 افراد شہید،میجر سمیت 14 زخمی

503

کراچی /کوئٹہ( اسٹاف رپورٹرنمائندہ جسارت/خبر ایجنسیاں )یوم آزادی کے موقع پر لورالائی اور کراچی میں دہشت گردی کے واقعات‘ لیوی اہلکار سمیت 11افراد شہید‘ میجر سمیت 14 افراد زخمی‘ لورالائی میں جوابی کارروائی میں تین دہشت گرد بھی مارے گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ(آئی ایس پی آر) سے کے مطابق بلوچستان میں لورالائی کے علاقے شاہرگ میں ایف سی بلوچستان کی گاڑی پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا، ایف سی کے جوانوں کی فوری جوابی کارروائی کے نتیجے میں 3دہشت گرد مارے گئے، جبکہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں نائیک شریف شہید ہوگئے۔دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ کے دوران میجر قاسم اور ایف سی کا ایک جوان زخمی ہوگئے، زخمیوں کو فوری طور پر سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے لورالائی میں ایف سی کی گاڑی پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت اور شہید نائیک شریف کے لواحقین کے ساتھ اظہارتعزیت کیا ہے ، انہوں نے کہا ہے کہ ایف سی گاڑی پر فائرنگ ایک انتہائی بزدلانہ کارروائی ہے، دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیاں ہماری فورسز کے حوصلے پست نہیں کرسکتیں۔دوسری جانب کراچی کے علاقے بلدیہ مواچھ موڑکے قریب شہزور ٹرک پرحملے میں 10 افراد جاںبحق اور 11افراد زخمی ہوگئے‘بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ا یس ایس پی فدا حسین جانوری کے مطابق کراچی کے علاقے مواچھ گوٹھ پی ایس اور پیٹرول پمپ کے قریب گاڑی شہزور ٹرک KP-2779میں دھماکا ہوا ، دلخراش حادثے کے نتیجے میں خواتین سمیت تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ18 افراد زخمی ہوئے۔واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور امدادی ٹیموں نے جائے حادثے پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا، جہاں دوران علاج مزید 7افراد دم توڑ گئے، حملے میں 5خواتین ‘3مرد اور 2بچے جاں بحق ہوئے۔ دھماکے کا نشانہ بننے والا خاندان شادی کی ایک تقریب میں شرکت کے بعد واپس جا رہا تھا ۔ منی ٹرک والے نے بلدیہ پریشان چوک سے ایک فیملی کوبھٹایا تھا۔ایس ایس پی فدا حسین جانوری نے واقعے سے متعلق بتایا کہ دھماکے کی جگہ کو مکمل طور پر سیل کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اسپتال میں شناخت ہونے والوں میں25سالہ سمیرا دختر فرمان ، 35سالہ وزارت زوجہ شاہد ، 6سالہ فہد ولد شمشیر ،30سالہ سکینہ زوجہ اظہار ، 16سالہ سلمان ولد رحیم الدین ، 40سالہ خاتون ، 7سالہ بچی ، 35سالہ رخسانہ ، 45سالہ صفیہ زخموںمیں شامل ہیں ،زخمیوں میں 2کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ،عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بلدیہ مواچھ موڑ پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار پیچھے سے آئے اور ملزمان نے مبینہ طور پر فائرنگ کی جبکہ ملزمان دھماکا خیز مواد ٹرک میں پھینک کر فرار ہوگئے ،ٹرک ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ایس ایس پی کے مطابق ابتدائی طور پر سلنڈر دھماکے کی اطلاع دی گئی تاہم جائے وقوع دیکھنے کے بعد تخریب کاری لگتی ہے،بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچ گیا ہے ۔انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ دھماکا ابتدائی طور پر ہنڈ گرینڈ کا لگتا ہے،گرنیڈ گاڑی میں گرنے سے پہلے ہی پھٹ گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس اور حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے، انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی ۔انھوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن سازشی عزائم سے امن و امان کی صورتحال خراب کرنا چاہتے ہیں۔ ماہ محرم الحرام کے دوران ایسی ناپاک کارروائیوں میں ملوث عناصر ملک اور اسلام کے دشمن ہیں۔ پاکستان کے امن اور ترقی کے دشمن اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونگے۔پوری قوم دہشت گردوں کے خلاف متحد ہے۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ہدایت جاری کی ہیں کہ کیماڑی اورضلع غربی کی قریبی اسپتالوں میں زخمیوں کو فوری منتقل کیا جائے، وزیراعلیٰ سندھ کی جاں بحق افراد کے ورثا کی بھرپور مدد کرنے کی بھی ہدایت کی ہیں ،وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر ٹرانسپورٹ سے گاڑی کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے ، وزیراعلیٰ کی سول اسپتال کے برنس وارڈ میں زخمیوں کی منتقلی کیلئے سیکریٹری صحت کو ہدایت کی ہے ۔