لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ شہر کے تھانہ دڑی کی حدود میں بروہی اور جسکانی برادری کے دو گروپوں میں گلی کے تنازعے پر جھگڑا ہوا جہاں لاٹھیوں اور اینٹوں کے حملے سے 17 سالہ نوجوان سمیر بروہی شدید زخمی ہوئے جنہیں ورثا کی جانب سے تشویش ناک حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج نوجوان زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگیا جبکہ ورثا کی جانب سے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف سبحان اللہ چوک پر احتجاجی مظاہرہ کرکے دھرنا دیا گیا جہاں انہوں نے شدید نعرے بازی بھی کی جبکہ دھرنے کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت بھی معطل رہی۔اس موقع پر مقتول نوجوان کے ورثا کا کہنا تھا کہ جسکانی برادری سے تعلق رکھنے والے بااثروں نے گلی کے تنازعے پر لاٹھیوں اور اینٹوں سے حملہ کرکے نوجوان کو قتل کردیا جس میں ایک خاتون پولیس اہلکار انجمن جسکانی بھی شامل ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے انصاف فراہم کیا جائے، پولیس کے مطابق نوجوان کے قتل کے سلسلے میں دو مشکوک افراد کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔دوسری جانب پوسٹ مارٹم کے بعد مقتول نوجوان کی نعش ورثا کے حوالے کردی گئی جبکہ نعش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا تاہم آخری اطلاع موصول ہونے تک واقعے کا مقدمہ درج نہ ہوسکا۔