ملک میں مسلسل آٹھویں ہفتے بھی مہنگائی میں اضافہ

434

اسلام آباد:وفاقی بجٹ پیش ہونے کے بعد کسی بھی ہفتے مہنگائی میں کمی نہیں ہوئی،ملک میں مہنگائی کی ہفتہ وار  شرح میں 0.61فیصد تک اضافہ ہوا ہے،سب سے کم آمدنی والے طبقے کیلیے مہنگائی 16.60فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران 18اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں ہیں جبکہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 6اشیاء کی قیمت میں کمی اور 27چیزوں میں استحکام رہا،ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 22روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعدٹماٹر کی فی کلو اوسط قیمت 80روپے 75پیسے تک پہنچ گئی۔

جا ری کردہ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ زندہ مرغی کی قیمت میں 13روپے 56پیسے اضافہ ہوا،جس کے بعد زندہ مرغی کی اوسط فی کلو قیمت 160روپے 72پیسے ہوگئی،لہسن 10روپے 42پیسے، آلو67پیسے فی کلو مہنگا ہوا ہے۔

ادارہ شماریات کی جاری کردہ رپورٹ میں مزید بتایا کہ چینی کی اوسط فی کلو قیمت 32پیسے بڑھ گئی ہے، جس کے بعدملک میں چینی کی اوسط قیمت 105روپے 75پیسے تک پہنچ گئی،ڈھائی کلو گھی کا ڈبہ 9روپے 72پیسے مہنگا ہو نے کے بعد ڈھائی کلو گھی کی قیمت 850روپے35پیسے پر پہنچ گئی ہے،حالیہ ہفتے آٹا ، دال چنا ، دال ماش اور دہی بھی مہنگا ہوا ہے۔