قلندر ہاکی لیگ عالمی معیار کی ہوگی ، عاطف رانا

211

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان سپر لیگ کی معروف فرنچائزر لاہور قلندر کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عاطف رانا کا کہنا ہے کہ کراچی میں “قلندر ہاکی لیگ” عالمی معیار کی ہوگی، ہمارا مقصد فوٹو سیشن نہیں بلکہ پاکستان کے لیے مستقبل کے ہیروز تلاش کرنا ہے۔ لیگ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی مالی معاونت کے ساتھ انہیں تربیت کے لیے بیرون ملک بھی بھیجا جائے گا، حیدر حسین کی ہاکی سے لگن اور کھلاڑیوں سے محبت کو دیکھ کر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ویژن کے مطابق کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر “قلندر ہاکی لیگ” کرانے کا فیصلہ کیا، انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے کوآرڈینیٹر اور کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری حیدر حسین سے ملاقات کے دوران کی، ملاقات کے موقع پر عاطف رانا نے حیدر حسین کی خدمات کے اعتراف میں انہیں لاہور قلندر کی جانب سے تعریفی اسناد سے بھی نوازا۔ لاہور قلندر کے سی ای او کا مزید کہنا تھا کہ کوویڈ19 کے باعث کراچی میں ملک کی تاریخ کی سب سے بڑی اور عالمی معیار کی “قلندر ہاکی لیگ” کے انعقاد میں تاخیر ضرور ہوئی ہے تاہم کورونا کی صورتحال بہتر ہوتے ہی لیگ کا باقاعدہ آغاز ہوجائے گا۔