پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کے مقاصد میں کوئی فرق نہیں، سراج الحق

333

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہناہے کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کے مقاصد میں کوئی فرق نہیں،دونوں گرہوں میں تعلیم، صحت، خارجہ پالیسی اور آئی ایم ایف کے ایجنڈے پر اتفاق ہے، عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دے، مایوس نہیں کرینگے، ہمارے پاس منظم اور ایماندار قیادت موجود ہے۔

ٹوکیو اولمپک میں شاندار کارکردگی دکھانے والے ویٹ لفٹر طلحہ طالب سے ملاقات کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ وزیراعظم خود کرکٹر رہے، مگر ان کے دور حکومت میں کھیلوں کا شعبہ بھی برباد ہو گیا،حکمرانوں نے قوم کو بری طرح مایوس کیا، تین سالوں میں کسی شعبہ میں بہتری نہیں آئی۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ تینوں نام نہاد بڑی سیاسی جماعتیں ایک ہی کنبہ ہیں، اگر ایک بھائی پی ٹی آئی میں ہے تو دوسرا پی ایم ایل میں، ملک کو باپ بیٹا، ماموں بھانجہ، چچا بھتیجا کی موروثی سیاست سے نجات چاہیے۔

سراج الحق نے  مزیدکہا کہ ایک کروڑ نوکریاں تو درکنار، حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے 80لاکھ لوگ بے روزگارہو گئے، پی ٹی آئی شجرکاری کو بھی سیاسی اسٹینٹ کے طور پر استعمال کر رہی ہے، بلین ٹری منصوبہ کہیں نظر نہیں آرہا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ  کھاد، بیج، بجلی، زرعی ادویات اور مشینری کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہوا، چھوٹا کاشت کار فاقوں پر مجبور ہے، مگر وزیراعظم کہتے ہیں زراعت میں انقلاب برپا کر دیا۔ ملک میں پانی کی شدید قلت، وزیراعظم نے 3 سو ڈیم بنانے کادعویٰ کیا لیکن ابھی تک 30 کا بھی افتتاح نہ کر سکے۔

سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی الیکشن ریفارمز چاہتی ہے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حق میں ہیں، مگر انھیں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر الیکشن میں چند اضلاع میں استعمال کیا جائے، نتائج درست آئے تو دائرہ کارپورے ملک میں بڑھا دیا جائے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ  جماعت اسلامی الیکشن اپنے جھنڈے اور نشان پر لڑے گی، پی ڈی ایم کا حصہ نہیں،کسی ایسے سیاسی اتحاد کا حصہ نہیں بنیں گے جو ملک میں اسلامی نظام کی بات نہ کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی حقیقی جمہوری روایات کی امین اور ملک میں اسلامی انقلاب چاہتی ہے، قوم ساتھ دے۔