اخلاص کے ساتھ چاہتے ہیں کہ افغان مسئلے کا سیاسی حل تلاش کیا جائے، آرمی چیف

508

راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ قربانی کا بکرا بنانے کی روش کو ترک کرنا ہو گا، پاکستان نے  افغان امن عمل کی ہر ممکن کوشش کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت کورکمانڈر کانفرنس منعقد کی گئی ، جس میں ملکی اور خطے کی سلامتی کی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور فورم کو پاک افغان سرحد پر بدلتی ہوئی صورت حال پر بریفنگ دی گئی۔

کورکمانڈرز کانفرنس میں درپیش چیلنجزسے نمٹنے کے لیے طے کی گئی حکمت عملی پر بھی بریفنگ دی گئی، افغانستان میں ہونے والے تازہ پیشرفت پر تفصیلی غور کیا گیا اور افغانستان میں پیدا ہونے والی صورت حال کے  پاکستان پر اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

آرمی چیف نے بارڈر کنٹرول سے متعلق  اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں دیر پا امن خطے میں استحکام کا باعث ہوگا، ہم اخلاص کے ساتھ چاہتے ہیں کہ افغان مسئلے کا سیاسی حل تلاش کیا جائے۔