ٹھٹھہ، بجلی واجبات کی عدم ادائیگی، مختلف مقامات پر چھاپے

164

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) حیسکو ٹیم کے بجلی کے واجبات کی عدم ادائیگی پر مکلی کے مختلف مقامات پر چھاپے، بجلی چوروں کے کئی کنڈے اتار لئے گئے ۔ حیسکو چیف اور ایکسیئن حیسکو ٹھٹھہ مختار علی شاہ کی خصوصی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے حیسکو مکلی سب ڈویژن کے ایس ڈی او نوید شیخ، باز محمد بھیو، سہراب خاصیخلی، شفیع محمد، ندیم ناریجو، عمران مغل اور دیگر نے حیدرآباد ٹیم کے ہمراہ مکلی کے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر بجلی کے واجبات کی عدم ادائیگی اور کنڈا مافیا کیخلاف کارروائی کرکے متعدد کنکشن منقطع کردیے اور تاریں بھی ضبط کرلیں۔ اس موقع پر ایس ڈی او حیسکو نوید شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم حیسکو چیف اور ایکسیئن حیسکو ٹھٹھہ کے احکامات پر عمل کرتے آپریشن کررہے ہیں اور ہمارا یہ عمل جاری رہے گا، بجلی چوروں کو کسی صورت میں نہیں بخشا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے میٹر جلد سے جلد لگوائیں اور بجلی کے واجبات کی ادائیگی بھی فوری طور پر کریں بصورت دیگر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہمارا ملازم بھی بجلی چوری میں ملوث پایا گیا تو اس کو بھی نہیں بخشا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ کسی مجبوری کی وجہ سے بجلی کے واجبات پورے ادا نہیں کرسکتے وہ حیسکو آفس میں آئیں ان کو مناسب قسطیں بھی کرکے دی جائیں گی۔