نوازشریف کے پاس 2 راستے ہیں،اپیل کریں یا سیاسی پناہ لیں،شیخ رشید

239
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد پریس کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد(اے پی پی+صباح نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف کے پاس 2 آپشن ہیں، اپیل کریں یا سیاسی پناہ لیں، لیڈر وہی ہوتا ہے جو ملک میں جیتا اور مرتا ہے، نواز شریف کو ملک واپس آنا چاہیے۔وزارت داخلہ آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک کی جیلیں بھی سیاستدان کے لیے ہی ہیں، ہم جھوٹے کیسز میں 7،7 سال قید ہوئے، ایک صاحب نے اعلان کیا کہ شہبازشریف کو گرفتار کیا گیا تو قیامت آجائے گی، بھٹو کو پھانسی ہوئی تو کیا ہوا،چڑیا تک نہیں پھڑکی، یہ لوگ بھٹو سے بڑے لیڈر نہیں ہیں، نواز شریف کو ملک واپس آنا چاہیے، باہر کی کیازندگی ہے ، اقتدار میں ہوں تو آپ بھڑکیں مارتے ہیں، نہ ہوں تو ملک سے باہر بھاگنا چاہتے ہیں، نواز شریف کا پاسپورٹ 16فروری کو منسوخ ہو چکا ہے، ان کے پاس سیاسی پناہ کا آپشن ہے لیکن وہ نہیں لیں گے، شہباز شریف نے ای سی ایل سے نام نکالنے کے لیے درخواست نہیں دی۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات متحد ہونے کا مطالبہ کرتے ہیں، خطے میں کیا ہونے والا ہے اپوزیشن صورتحال کو سمجھ نہیں رہی، اسرائیل اور بھارت ہمارے امن کے ساتھ کھیلنا چاہتے ہیں، سی پیک میں رکاوٹ کو کسی قیمت پر قبول نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم سی پیک اور کشمیر کے معاملے پر متحد ہے، ہم نے ملکی سلامتی کے خلاف بھارت، اسرائیل اور این ڈی ایس کی سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔داسو ڈیم حملے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ معاملے کی تحقیقات مکمل کر لی ہیں لیکن اس حوالے سے تفصیل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بتائیں گے۔شیخ رشید نے بتایا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں جرائم کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے، پولیس کی تعداد اور وسائل کو بڑھارہے ہیں اور 1122 شروع کرنے جارہے ہیں۔وزیرداخلہ نے کہا کہ کورونا پھیلنے کا خدشہ ہے جس کی وجہ سے 14 اگست کا جلسہ منسوخ کرنے کا اعلان کرتا ہوں، سائینو ویک کو اسلامی ممالک میں قبول نہیں کیا جارہا ، ایسا سرٹیفکیٹ بنائیں گے جس میں کوئی شخص دوسری ویکسین لگا سکتا ہے۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ وزارت داخلہ کواسلحہ لائسنس جاری کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔