کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر آغا سراج درانی کی صدارت میں1 گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا۔ ایوان کی کارروائی کے آغاز میںکوئٹہ دھماکے میں شہید پولیس اہلکاروں اور گوجرانوالہ میں سلنڈر پھٹنے سے بچوں سمیت11 خواتین کی ہلاکت پر مغفرت اور زخمیوں کے لیے جلد صحتیابی کی دعا کی گئی۔ ایوان میں کورونا سے انتقال ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت اور ملکی سلامتی و بقا کے لیے بھی دعا ہوئی۔ رکن اسمبلی رابعہ خاتون نے اسیر و لاپتا افراد کی بازیابی اور کشمیریوں کی آزادی کے لیے بھی دعا کرائی۔ کارروائی کے آغاز میں اسپیکر نے ارکان کو مطلع کیا کہ سندھ اسمبلی نے اپنے رواں پارلیمانی سال کے100 دن مکمل کرلیے ہیں۔ اسپیکر نے تمام ارکان کو مبارکباد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی صورتحال میں ایوان کو چلانا مشکل کام تھا، تمام ارکان کے تعاون پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔