لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ پولیس نے موہن جو دڑو کے قریب منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بین الااضلاع گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کرکے بھنگ کی بوریاں برآمد کرلی ہیں۔ پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر کار ماڈل 2017 نمبر BJD.381 سے بھنگ کی چار بوریاں برآمد کرکے ایک گرفتار ملزم عبداللطیف عرف ملاں بروہی کو گرفتار کرلیا ہے جس کے خلاف تھانہ ائرپورٹ پر مقدمہ 25/2021زیر دفعہ 3/4Ho درج کرکے ابتدائی تفتیش شروع کردی گئی ہے، پولیس کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار ملزم پہلے بھی منشیات فروشی کے مقدمے 15/2020 زیر دفعہ 3/4HO تھانہ باڈہ میں ملوث رہا ہے۔ رتوڈیرو پولیس نے سیلرا روڈ سے مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے چانڈکا اسپتال منتقل کردیا، پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کی شناخت اسرار ولد نوبت جعفری رہائشی وشنوجعفری تحصیل گڑھی یاسین ضلع شکاپور کے نام سے ہوئی ہے جس کے قبضے سے بغیر لائسنس پستول اور موٹر سائیکل برآمد کرلیا جبکہ زخمی ڈاکو کے دیگر ساتھی فرار ہوگئے جن کی گرفتار کے لیے سیلرا روڈ پر کوہری پل کے قریب والے علاقے میں سرچ کرکے چھاپوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے، پولیس نے مزید بتایا کہ زخمی حالت میں گرفتار ملزم کے خلاف تھانہ گولو دڑو ضلع شکارپور، تھانہ شہید الٰہی بخش سیال، تھانہ رتوڈیرو میں مختلف مقدمات میں مطلوب ہے۔ دادو ضلع کے شہر رادھن کے گاؤں پیربخش بروہی میں 20 روز قبل آوارہ کتے کے کاٹنے سے زخمی ہونے والے محنت کش غلام نبی بروہی کی حالت تشویش ناک ہونے پر ورثاء کی جانب سے انہیں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا گیا جہاں انہیں ویکسین اور طبی امداد دی گئی، ورثاء کے مطابق غلام نبی کو 20 روز قبل آوارہ کتے نے کاٹ کر زخمی کردیا جسے ڈوکری اسپتال منتقل کیا جہاں انہیں سگ گزیدگی کی ویکسین فراہم نہ کی گئی جس کے باعث آج ان کی حالت تشویش ناک ہوگئی جس کے باعث انہیں چانڈکا اسپتال منتقل کیا جہاں انہیں ویکسین اور علاج فراہم کی گئی تاہم ڈاکٹروں نے ان کی حالت تشویش ناک بتائی ہے۔ لاڑکانہ تھانہ مارکیٹ کے ایس ایچ او سرتاج جاگیرانی کے نوجوان بیٹے اور ہائی کورٹ کے وکیل فراز احمد جاگیرانی نے مبینہ طور پر خود پر پستول کے فائر کرکے خودکشی کرلی جبکہ واقعے کی اطلاع پر رشتہ داروں سمیت دیگر نے پہنچ کر سرتاج جاگیرانی سے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ شب دیر سے سرتاج جاگیرانی ڈیوٹی کے بعد اپنے گھر پہنچے جہاں انہوں نے پستول بیڈ پر رکھ دیا جس دوران ان کے بیٹے نے خود پر پستول کے فائر کرکے خودکش کی، دوسری جانب خودکشی کرنے والے نوجوان کی نماز جنازہ شہر کے نور کالونی میں ادا کرنے کے بعد قمبر کے گاؤں میان شال محمد میں مرحوم نوجوان کو سپرد خاک کیا گیا، دوسری جانب ایس ایچ او سرتاج جاگیرانی نے ان کے بیٹے کے انتقال پر تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔