سکھر (نمائندہ جسارت) جے یو آئی تعلقہ روہڑی کی جانب سے وفاقی حکومت کی طرف سے جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کرنے کیخلاف بلال مسجد نیویارڈ کالونی میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس کی قیادت تعلقہ روہڑی کے امیر مولانا عبدالکریم عباسی، مولانا غلام رسول برڑو، قاری عبدالغفار سومرو، مولانا عبدالحق مہر، قاری عطا اللہ عباسی اور دیگر کر رہے تھے۔ مظاہرین نے دھرنا بھی دیا اور وفاقی حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کر رہے تھے۔ اس موقع پر رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے تیل اور گیس کے بعد اب ادویات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کرنے کو عوام دشمن اور ظالمانہ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا اور اسے جلد واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ مولانا عبدالکریم عباسی اور دیگر نے وفاقی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تبدیلی سرکار نے تین سال میں بدترین مہنگائی اور بے روزگاری کر کے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ ظالم حکمرانوں نے مریضوں کو بھی نہیں بخشا، مہنگی دوائوں کو مزید مہنگا کر کے مریضوں کے جینے کی آس بھی ختم کردی ہے۔ جس کیخلاف جے یو آئی شدید احتجاج کرتی ہے، ایسے سفاک حکمرانوں کو عوام پر حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ انہوں نے چیف جسٹس پاکستان سے نوٹس لینے کی اپیل کی۔ قبل ازیں جے یو آئی تعلقہ روہڑی کی مجلس شوریٰ کا اجلاس مولانا عبدالکریم عباسی کی زیر صدارت بلال مسجد میں ہوا۔ جس میں علاقے میں بڑھتی ہوئی بے امنی، بے روزگاری، مہنگائی، زرعی اور پینے کے پانی کی کمی، صحت اور صفائی کے سنگین مسائل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کے مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر نااہل اور ناکام ہوچکی ہیں۔ جے یو آئی مطالبہ کرتی ہے کہ موجودہ اسمبلیاں توڑ کر از سر نو انتخابات کرائے جائیں۔ اجلاس کے آخر میں محرم الحرام کی آمد پر تمام مکاتب فکر اور مسلمانوں سے اپیل کی گئی کہ وہ امن بھائی چارہ اور مذہبی ہم آہنگی کو قائم رکھیں اور ایک دوسرے کا احترام کر کے ماہ مقدس کی تقدس کو قائم رکھیں۔