لاہور (نمائندہ خصوصی)پاکستان ڈومیسٹک ایونٹس کی تاریخ کے سب سے بڑے انعامات کے ساتھ ماڑی پیٹرولیم آزادی ہاکی کپ کا شاندار افتتاح ہوگیا۔ افتتاحی روز پاکستان واپڈا نیشنل بینک اور پاکستان نیوی نے فتوحات حاصل کرلیں ۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی زیرنگرانی، ماڑی پیٹرولیم اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام ماڑی پیٹرولیم آزادی ہاکی کپ کے پہلے روز 3 میچز کا فیصلہ ہوگیا۔ پہلا میچ پاکستان واپڈا اور پاکستان آرمی کے مابین کھیلا گیا جو کہ ایک سنسنی خیز مقابلہ کے بعد پاکستانب واپڈا نے 1-2 گول سے جیت لیا۔ واپڈا کی جانب سے دونوں گول رانا وحید نے سکور کئے جبکہ آرمی کی جانب سے واحد گول راؤ ارسلان نے کیا۔دوسرا میچ نیشنل بینک اور پاکستان ایئر فورس کے مابین کھیلا گیا جو نیشنل بینک نے سنسنی خیز مقابلہ کے بعد 2-3 گول سے جیت لیا۔ نیشنل بینک ٹیم میچ کے دوران دو پینلٹی اسٹروکس حاصل کرنے میں کامیاب رہی اور وہی گیم چینجر ثابت ہوئے۔ نیشنل بینک کی جانب سے علی حسن، شان ارشاد اور کپتان ابوبکر محمود نے گول اسکورکیے جبکہ ایئر فورس کی جانب سے رضوان علی نے پینلٹی کارنر پر اور محسن حسن نے فیلڈ گول اسکور کیے۔تیسرا میچ میزبان ٹیم ماڑی پیٹرولیم اور پاکستان نیوی کے مابین کھیلا گیاجو پاکستان نیوی نے 2-1 گول سے جیت لیا۔ نیوی کی جانب سے اکبر علی اور کامران آصف نے گول اسکور کیے۔جبکہ ماڑی پیٹرولیم کی جانب سے احتشام نے پینلٹی کانر پر گول اسکور کیا۔ ماڑی پیٹرولیم آزادی ہاکی کپ راولپنڈی میں گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں ماڑی پیٹرلیم اور آرمی کے مابین سنسنی خیز میچ ڈراء ہوگیا ۔دونوں ٹیموں کی جانب سے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ جبکہ ماڑی پیٹرولیم کی جانب سے عبدالرحمٰن نے دو گول، وسیم اکرم نے ایک گول اسکور کرنے میں کامیاب رہے ، آرمی کی جانب سے عامر سہیل، محمد وقاص،وسیم اکرم نے گول کیے، ماڑی پیٹرولیم کے عبدالرحمٰن مین آف دی میچ قرار دیاگیا۔