اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ملک کے دیگر حصوں میں انتشار پھیلانے میں ناکامی پر بلاول نے اب بلوچستان کا انتخاب کیا ہے، بلوچستان میں پیپلز پارٹی کا وزیراعلیٰ ہوگا، بلاول کی یہ خواہش کبھی خبر نہیں بن سکتی۔ بلاول زرداری کے خطاب پر اپنے ردعمل میں وزیر مملکت نے کہا کہ عمران خان کی واحد حکومت ہے جس نے تمام صوبوں کو مساوی ترقی کے مواقع فراہم کیے، پی ٹی آئی حکومت میں بلوچستان میں میگا پروجیکٹس کے لیے پی ایس ڈی پی میں ریکارڈ اربوں روپے کے فنڈز دیے گئے، حکومت کی اولین ترجیح عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔ بلاول صاحب کاش آپ گلگت اور آزاد کشمیر میں شکست کے بارے بھی بلوچستان کے عوام کو بتاتے، بلوچستان کے عوام خود بتا رہے ہیں کہ عمران خان نے بلوچستان کی محرومیاں دور کرنے کیلیے تاریخی اقدامات اٹھائے۔