بلاول کا بلوچستان میں پیپلزپارٹی کی حکومت بنانے کا اعلان

116

کوئٹہ(نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے آئندہ عام انتخابات میں ملک میں پیپلز پارٹی کی حکومت بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں جیالا وزیراعلیٰ لاکر دکھائیں گے، ہم پاکستان میں ایک ایسی عوامی حکومت لائیں گے جو عوام کے مسائل حل کرسکتی ہے،لوگ پہچان چکے ہیں کہ تبدیلی کا اصل چہرہ تاریخی مہنگائی، غربت، بے روزگاری ہے۔کوئٹہ میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری اور سابق گورنر عبدالقادر بلوچ سمیت دیگر کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کی تقریب سے خطاب میں بلاول نے ثناء اللہ زہری، عبدالقادر بلوچ ودیگر کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہم شانہ بشانہ رہ کر محنت اور جدوجہد کریں گے اور پورے بلوچستان میں قائد عوام اور شہید بینظیر بھٹو کی پیپلزپارٹی کو مضبوط اور فعال بنائیں گے۔چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ آنے والے عام انتخابات میں پورے ملک میں اور خاص طور پر یہاں بلوچستان میں پیپلزپارٹی کی حکومت بنائیں گے، ہم جیالا وزیراعلیٰ منتخب کرکے دکھائیں گے اور بلوچستان کے مسائل کا حل بھی نکال کر دکھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام غیرت مند اور بہادر لوگ ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی اور آپ کا رشتہ آج کا نہیں بلکہ 3،3 نسلوں کا رشتہ ہے، آپ نے قائد عوام شہیدذوالفقار علی بھٹو کا ساتھ دیا تھا اور ہم نے تاریخ رقم کی تھی۔ا نہوں نے کہا کہ ہم نے اس ملک کے غریب عوام کو آواز دی، غریب کسانوں کو زمین کا مالک بنایا اور مزدوروں کو بھی حقوق دلوائے تھے۔انہوں نے کہا کہ صوبوں کو وہ حقوق دلائے تھے، جس کا وعدہ قائد عوام نے کیا تھا مگر وہ وعدہ تو آصف علی زرداری کے دور میں پورا ہوا، جب ہم نے صوبوں کو حقوق دلائے۔ علاوہ ازیںسابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے کہاہے کہ نواز شریف کی فطرت میں وفا نہیں،نواز شریف نے ہمیں بے عزت کیا تو ہم نے پارٹی چھوڑی۔ثنا اللہ زہری نے کہا کہ ہم نے مشکل وقت میں(ن)لیگ کا ساتھ دیا، بلوچستان کے عوام گواہ ہیں ہم نے ن لیگ کی حکومت قائم کی، نواز شریف نے جو ہمارے ساتھ کیا امید ہے وہ بلاول نہیں کریں گے۔ اس موقع پر عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ(ن)لیگ کو ہم نے خیرباد کہہ دیا ، ن لیگ میں اب کوئی قد آور شخصیت نہیں ہے،پیپلزپارٹی نے اپنے دور حکومت میں صوبوں کو حقوق دیے، بلوچستان کو پیپلزپارٹی کی ضرورت ہے،ہمیں بلوچستان سے 12 نشستیں مل سکتی ہیں۔