راولپنڈی ( نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن کا بنیادی مقصد مستحق افراد کے سستے اور قابل اعتماد علاج کی سہولت فراہم کرنا ہے یہ کام عبادت سمجھ کر ہوناچاہیے الخدمت فائونڈیشن پر شہریوں کا اعتماد ہی اصل سرمایہ ہے انہوں نے یہ بات رازی ہسپتال راولپنڈی کے نئے بلاک کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس تقریب میں الخدمت رازی ہسپتال کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ابو عمیر زاہد نے ہسپتال کے پروجیکٹ سے متعلق بریفنگ دی۔ تقریب میں جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ، جماعت اسلامی شمالی پنجاب کے امیر ڈاکٹر طارق سلیم، جماعت اسلامی راولپنڈی کے امیر عارف شیرازی، سیکرٹری اطلاعات ملک اعظم، جماعت اسلامی راولپنڈی کے مقامی رہنمائوں اور کارکنوں کے علاوہ فرینڈز آف الخدمت نے بڑی تعداد میں شرکت کی، ڈاکٹر عثمان ظفر نے درس قرآن پیش کیا اور اس دوران سوال جواب کی بھی نشست ہوئی، رانا عبدالقدوس نے اپنے کاندان کے تعاون سے چلنے والے ہسپتال کو الخدمت کے حوالے کرنے کی پیش کش کی جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کا رویہ ترش ہوتا ہے اور نجی کلینک پر وہ اپنے مریضوں سے خوش اخلاقی سے پیش آتے ہیں جب کہ ڈاکٹرز کا رویہ ہر وقت اور ہر جگہ خوش اخلاقی والا ہونا چاہیے انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں کام کرنے کی بات کی تھی مگر دونوں جگہ ناکام نظر آتی ہے سرکاری ہسپتالوں کا بہت برا حال ہے انہیں بہتر ہونا چاہیے انہوں نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن کے ہسپتالوں کو ان کی مقامی اآبادی کی طبی ضروریات پوری کرکے قابل بنانا جائے تاکہ سستا اور معیاری علاج انہیں میسر ہوسکے۔