راولپنڈی: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ افغان طالبان نے امریکا کو شکست دے کر اس صدی کا بڑا کارنامہ سرانجام دیا ہے اس پر طالبان کو مبارکباد دیتے ہیں۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ افغانستان میں آگ ہوگی تو تپش پاکستان میں محسوس ہوگی، امریکا کو شکست سے بڑا کارنامہ افغانستان میں پرامن حکومت کا قیام ہے، ہم طالبان قیادت سے رابطے میں ہیں، طالبان بھی سمجھتے ہیں کہ بندوق کے زور پر شہر فتح نہیں کرنے چاہئیں۔
سراج الحق نے کہا کہ ظالمانہ نظام کا خاتمہ اور اسلامی نظام چاہتے ہیں، موجودہ انتخابی نظام سرمایہ داروں کے لیے ہے، نوازشریف 3 بار وزیراعظم رہے ہیں، ہمیں نواز شریف کے واپس آنے جانے سے کوئی غرض نہیں، نواز شریف پاکستان کے شہری ہیں آنا چاہیں تو ان کی مرضی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے لندن رہنے یا واپس آنے میں کوئی دلچسپی نہیں، ہماری توجہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام کی مشکلات پر ہے۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) میں کوئی فرق نہیں، ن لیگ، پیپلز پارٹی اور جرنیلوں نے بار بار حکومت کی ہے لیکن اقتدار میں رہنے والوں نے عوام کو کچھ نہیں دیا۔