سکھر (نمائندہ جسارت)دریائے سندھ میں سکھر و گڈو بیراج کے مقامات پر پانی کی سطح بتدریج بلند ہونا شروع ہو گئی ہے ،گڈو کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ،پانی کچے میں داخل ہونے لگا،ملک میں جاری بارشوں کے باعث دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونا شروع ہوگئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گڈو بیراج پر پانی کی سطح میں 37 ہزار اور سکھر بیراج پر پانی کی سطح میں30 ہزارکیوسک کا اضافہ ہواہے جس کے بعد گڈو بیراج پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرارہے ،گڈوبیراج پرپانی کی آمد 3 لاکھ 3 ہزار 193 کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 62 ہزار 396 کیوسک رہکارڈ کیاگیاہے گڈوبیراج پر تیزی سے سطح آب بلند ہونے کے بعد گھوٹکی ،کشمور اور دیگر اضلاع کے کچے کا علاقہ اور دیہات زیر آب آنا شروع ہوگئے ہیں جبکہ سکھر بیراج پر پانی کی سطح میں 30ہزار کیو سک اضافے کے ساتھ پانی کی آمد 2 لاکھ 2 ہزار 170 کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 44 ہزار 965 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ۔محکمہ آبپاشی کے ذرائع کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے کے دوران سکھر اور گڈو بیراجوں پر پانی کی سطح میں مزید کئی ہزار کیوسک اضافے کا امکان ہے۔