سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر میں چوروں نے دکان میں موجود مال کا صفایا کرڈالا،جبکہ شہر میں بڑھتی ہوئی چوری و ڈکیتی کی متعدد وارداتیں ،شہری لاکھوں روپے کی نقدی اور سامان سے محروم ، تھانہ سی سیکشن کی حدود میں کوئنس گارڈن مارکیٹ میں واقع محمد ابرار چغتائی کی ویڈیو اسٹوڈیو کی شاپ سے چور بنا تالے توڑے دکان سے قیمتی مووی کیمرا ایل سی ڈی سمیت دیگر سامان لے اڑے، متاثرہ مووی میکر شاپ کے مالک آبرار چغتائی کا کہنا ہے کہ میں اپنی دکان اس مارکیٹ سے غریب آباد شفٹ کر رہا تھا تو اسی دوران کسی نے میری دکان سے بنا تالے توڑے دکان سے میرا کیمرا اور دیگر سامان چوری کیا ہے جبکہ اس طرح کی وارداتیں اس سے قبل بھی اس مارکیٹ میں ہوچکیں ہیں۔چور نے اسی طرح بنا تالے توڑے دیگر دکانوں کا بھی صفایا کیا ہے۔لیکن اس طرح کی انوکھی چوری پر کسی نے آج تک رپورٹ درج نہیں کروائی تھی ۔تھانہ سی سیکشن میں اس انوکھی واردات کی رپورٹ درج کروائی ہے تاکہ پولیس کارروائی عمل میں لاکر مجھے میرا چوری شدہ سامان برآمد کروائے کیونکہ کہ مارکیٹ کہ داخلی اور خارجی راستوں پر بینک کے کیمرے نسب ہیں جن کی مدد سے اس واردات کو کرنے والوں تک آسانی سے پہنچا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب شہر میں بڑھتی ہوئی جرائم کی وارداتوں میں بے حد تک اضافہ ہو چکا ہے پولیس بھی ان ڈاکوؤں آور لیٹروں کے آگے بے بس سی محسوس ہوتی ہے۔سکھر شہر میں بے امنی خصوصاً چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں بے تحاشا اضافہ ہوگیاہے اور آئے روز چوری و ڈکیتی کی متعدد وارداتیں رونما ہوئی ہیں سکھر کے شہر میں بڑھتی ہوئی چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کی وجہ سے شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں مگر پولیس وارداتوں پر قابو پانے کے بجائے صرف رپورٹس درج کرنے تک محدود ہوکر رہ گئی۔ پولیس کی کارکردگی پر شہری حلقوِں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔