شہباز ،نوازشریف کو جیل سے بچانے کی کوشش کررہے ہیں،شیخ رشید

141

اسلام آباد( آن لائن)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ لندن سے نواز شریف کو لاسکتا ہوں نہ ہی الطاف حسین کو ۔نواز شریف کو سیدھا جیل بھیجنے سے بچانے کیلیے شہباز شریف کوششیںکررہے ہیں ،اپوزیشن لیڈر نے ابھی تک ای سی ایل سے نام نکلوانے کیلیے درخواست نہیں دی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کوشش کر رہے ہیں کہ نواز شریف کو ڈائریکٹ جیل نہ جانا پڑے۔ پیپلزپارٹی اور ن لیگ دونوں پارٹیوں میں مزاحمت اور مفاہمت کی لڑائیاں جاری ہیں، یہ لوگ صرف کیمرے کی سیاست کر رہے ہیں، ان کو مشورہ دوں گا پاکستان کی سیاست میں نئی سوچ آنے لگی ہے، عمران خان کہیں نہیں جارہے بلکہ وہ تمہاری سوچ سے زیادہ بڑی سیاست کرنے جارہے ہیں، میں نوازشریف کو لاسکتا ہوں نہ ہی الطاف حسین کو، شہبازشریف نے ای سی ایل سے نام نکالنے کی کوئی درخواست نہیں دی، شہباز شریف نے مفاہمت کی طرف ہی آنا ہے، وہ بھاگ دوڑ میں لگے ہوئے ہیں کہ نواز شریف کو ڈائریکٹ جیل نہ جانا پڑے۔وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پورے ملک میں یوم استحصال کشمیر منایا جائے گا، اور صبح نو بجے ایک منٹ کیلیے ٹریفک روکی جائے گی۔خطے کے حالات تیزی سے بدل رہے ہیں، پاکستان کے خلاف ہائبرڈ وار شروع کردی گئی ہے، آنے والے پانچ سے چھ ماہ بہت اہم ہیں۔شیخ رشید کا کہنا تھاکہ فیٹف سے ایک دن پہلے بھارت نے جوہر ٹاؤن میں دھماکے کرائے، بھارت پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہے اور پاکستان میں جتنی بھی دہشت گردی ہورہی ہے اس میں ہٹلر مودی کی ناپاک سوچیں ہیں۔