لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ شہر کے تھانہ مارکیٹ کی حدود ریشم گلی میں ایک روز قبل لاک ڈائون کی خلاف ورزی پر اسسٹنٹ کمشنر لاڑکانہ احمد علی سومرو کی مدعیت میں تین دکانداروں بلاول شیخ، غلام مصطفیٰ شیخ اور غلام مرتضیٰ شیخ پر مقدمہ درج کیا گیا تھا جنہوں نے گزشتہ روز اپنے وکیل آغا احمد خان کھرل کی معرفت ضمانت کے لیے علیحدہ درخواستیں دائر کی تھی جہاں تھرڈ سول جج و جوڈیشل مجسٹریٹ نے گرفتار دو ملزمان بلاول شیخ اور غلام مصطفیٰ شیخ کی ضمانت 25، 25 ہزار روپے کے عوض منظور کرلی جبکہ ایک ملزم غلام مرتضیٰ کی ضمانت تھرڈ ایڈیشنل و سیشن جج کی عدالت نے 25 ہزار روپے میں منظور کی، دوسرے گرفتار دو ملزمان کی درخواست ضمانت منظور ہونے کے بعد پولیس کی جانب سے انہیں رہا کردیا گیا۔واضح رہے کہ ایک روز قبل لاک ڈائون پر عمل درآمد کے لیے اسسٹنٹ کمشنر لاڑکانہ احمد علی سومرو نے بند دکان کے تالے تڑوادیے جس میں سے چار خواتین اور بچے خریداری کرتے ہوئے پائے گئے۔ بعد ازاں دکانداروں نے اسسٹنٹ کمشنر سے ہاتھا پائی کی جس پر اسسٹنٹ کمشنر نے دو دکانداروں کو گرفتار کرکے تین دکانداروں کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا تھا۔