کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے 16 قومی پلیئرز کو سینٹرل کنٹریکٹ دینے کا اعلان کیا ہے ‘اے کیٹگری میں 5، بی کیٹیگری میں 2، سی میں 5 اور ایمرجنگ کیٹیگری میں4 کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ دیا گیا‘جبکہ ہاکی ٹیم کے کپتان رضوان سینئر کو سینٹرل کنٹریکٹ سے ڈراپ کردیا گیا ۔32 میں سے صرف 12 کھلاڑی فٹنس معیار پر پورے اترے ہیں جبکہ جو کھلاڑی فٹ نہیں ہیں انہیں کنٹریکٹ نہیں دیا گیا ہے۔ سیکرٹری پی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ 50 ہزار ماہانہ وظیفہ کی اے کیٹیگری میں عمر بھٹہ، مبشر علی، اعجاز احمد، علی شان اور ابوبکر شامل ہیں جبکہ بی کیٹیگری میں تعظیم الحسن اور معین شکیل شامل ہیں اور سی کیٹیگری میں وقار، عبداللہ ، عقیل احمد عمید ستار اور رومان خان شامل ہیں۔انہوں نے مزید بتایا ہے کہ دانش ، رضوان علی ، عبید اللہ اور نوید عالم ایمرجنگ کیٹیگری میں ہوں گے جبکہ رضوان سنئیر، امجد گول کیپر، اظفر یعقوب اور رانا سہیل کو کنٹریکٹ نہیں ملے گا۔ واضح رہے کہ اے کیٹیگری کو50 ہزار، بی کو 40 اور سی کو 30 ہزار روپے ماہانہ ملیں گے۔دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی کپتان رضوان سینئر کو سینٹرل کنٹریکٹ سے ڈراپ کردیا جبکہ فٹنس ٹیسٹ میں فیل کھلاڑیوں کو 3 ماہ کا وقت دے دیا گیا۔فٹنس ٹیسٹ میں ناکامی پر پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کپتان سمیت کئی قومی کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ سے ڈراپ کردیا۔نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں 16 کھلاڑی جگہ بنانے میں کامیابی حاصل کرپائے۔اے کیٹگری میں 5، بی کیٹیگری میں2، سی میں 5 اور ایمرجنگ کیٹیگری میں4 کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ دیا گیا۔پی ایچ ایف کے سیکریٹری اولمپئن آصف باجوہ کا کہنا ہے کہ ڈسپلن اور فٹنس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔