ٹوکیو اولمپکس : نئے ریکارڈ بننے کا سلسلہ جاری ، اٹلی کے مارسل جیکب تیز ترین ایتھلیٹ

352

 

کراچی (سید وزیر علی قادری)ٹوکیو اولمپکس میں نت نئے ریکارڈ بننے کے ساتھ مختلف ممالک کے ایتھلیٹس کا تمغوں کی دوڑ کا سلسلہ جاری ہے۔ اٹلی کے مارسل جیکب ٹوکیو اولمپکس کے تیز ترین ایتھلیٹ بن گئے۔ 100میٹر دوڑ کا فاصلہ انھوں نے 9 اعشاریہ 80 سیکنڈز میں طے کیا۔ اس جیت کے ساتھ مینز 100 میٹر ریس میں اٹلی کے لیے طلائی تمغہ بھی حاصل کرلیا۔ امریکا کے فریڈ کیرلے نے دوسری پوزیشن جبکہ کینیڈا کے آندرے ڈی گریسی تیسرے نمبر پر رہے۔پاکستا ن کے ارشد ندیم کل جیولین تھرو کے ایونٹ کے کوالیفائنگ رائونڈ میں قسمت آزمائی کرینگے۔ تاہم ٹوکیواولمپکس میں پاکستان کے تین مزید کھلاڑیوں کا سفرختم ہوگیا۔ دوشوٹرغلام مصطفی بشیر،خلیل اختر اور اتھلیٹ نجمہ پروین بھی باہر ہوگئیں۔25میٹر ریپڈ فائر پسٹل میں پہلے مرحلے میں چھٹی پوزیشن پانے والے شوٹر غلام مصطفی بشیر دوسرے مرحلے میں قابل ذکر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے، فائنل میں پہنچنے کے لیے چھٹی پوزیشن برقرار رکھنا ضروری تھی مگر غلام مصطفی بشیر10ویں نمبر پر رہے۔ پہلے دن 293 اسکور کرنے کے بعد دوسرے دن وہ 286 اسکور کرپائے۔غلام مصطفی بشیر نے مجموعی طور پر 579 پوائنٹس اپنے نام کے آگے درج کروائے۔ شوٹر خلیل اختر نے اس کیٹگری میں 572 پوائنٹس حاصل کرکے 15ویں پوزیشن پائی۔200 میٹر ریس میں نجمہ پروین اپنی ہیٹ میں سب سے آخری نمبر پر آئیں۔فیصل آباد کی نجمہ پروین نے 200 میٹر کا فاصلہ 28.12 سیکنڈز میں طے کیا، وہ اپنی ہیٹ میں7 میں سے7ویں پوزیشن پر آئیں۔ ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کے 10میں سے 9 اتھلیٹ فارغ ہوچکے ہیں۔اب ارشد ندیم سے ہی میڈل کی امید وابستہ ہے۔جن کا مقابلہ4 اگست کو ہوگا۔ دوسری جانب دیگر ممالک میں انڈونیشیا کی گریشیا پولی اور اپریانی رہیو نے اولمپکس بیڈ منٹن ویمنز ڈبلز ایونٹ میں گولڈ میڈل جیت لیا۔ چین کی چن چنگچین اور جیا یفان پر مشتمل سیکنڈ سیڈڈ جوڑی کو2-0 سے شکست حاصل کیا۔پہلا سیمی فائنل بھارت اور بیلجیئم اور دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا اور جرمنی کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔