اسلام آباد (آن لائن) مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان جیسے بہروپیے سے نجات ملک و قوم کی ضرورت ہے، قوم جانتی ہے عمران صاحب کہ آپ نے الیکشن بیچا ہے، جیتا نہیں، وہ وقت دور نہیں، جب آپ کی مطلق العنانی عوام کے کٹہرے میں مجرم بن کر جوابدہ ٹھہرائی جائے گی، الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کے اختیارات کو عمران صاحب اور ان کے خود سر وزرا نے ہوا میں اڑایا۔ وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کیوں جھوٹ بولتے ہیں؟ عمران صاحب امریکا میں جیتا ہوا ورلڈ کپ کشمیر فروشی میں تبدیل ہوگیا، آزاد جموں و کشمیر کے الیکشن کمیشن کے احکامات کی خلاف ورزیاں کرنے کے بعد آپ نے آج ایک نیا یوٹرن لیا ہے، الیکشن کمیشن کے اختیار اور غیرجانبداری کو تباہ تو آپ نے کیا ہے، جس وزیر کو الیکشن کمیشن نے نکالا، آپ اسے ہیلی کاپٹر پر اپنے ساتھ بٹھا کر واپس آزاد کشمیر لے آئے، جس شخص نے آزاد کشمیر میں گولیاں چلائیں، گالیاں دیں، اسے ہیلی کاپٹر میں ساتھ بٹھا لیا آپ نے 3 بار وزیر کو آزاد کشمیر لاکر الیکشن کمیشن کے حکم کی توہین کی۔