سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر میں لاک ڈاؤن، تجارتی وکاروباری مراکز بند، سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم، ایس اوپیز اور ڈبل سواری پر پابندی کی خلاف ورزیاں جاری،سندھ حکومت کے اعلان پر سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر میں بھی جزوی لاک ڈاؤن رہا شہر کے تمام تجارتی و کاروباری مراکز جن میں شاہی بازار ،صرافہ بازار ،شہید گنج، کپڑا مارکیٹ، ریس کورس روڈ، فریئر روڈ، شکارپور روڈ و دیگر بند رہے اور ان میں کاروباری و تجارتی سرگرمیاں معطل رہیں، تاہم شہر میں دودھ، دہی اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء کی دکانیں اور میڈیکل اسٹور کھلے رہے، جہاں پر لوگ خریداری کرتے نظر آئے جبکہ شہر میں کھلے عام ایس اوپیز کی خلاف ورزیاں بھی دیکھنے میں آئیں۔ حکومت کی جانب سے ڈبل سواری پر پابندی کے باوجود عمل ہوتا ہوا نظر نہیں آیا اور نہ ہی مقامی انتظامیہ یا پولیس اس پر عملدرآمد کرتی نظر آئی، افسران اپنے دفتروں تک محدود رہے۔