کراچی میں بھارت جیسی صورتحال ہوئی تو ذمہ دار وزیراعظم ہونگے،بلاول

117

اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے کہا ہے کہ کراچی میں بھارت جیسی کوروناصورتحال ہوئی تو وزیراعظم ذمے دار ہوں گے،کورونا سے متعلق سندھ حکومت کے اقدامات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اگر بھارت کی طرح سندھ اور کراچی میں کورونا کی صورتحال ہوئی تو اس کے ذمے دار وزیراعظم اور ان کے وزرا ہوں گے،کراچی میں کیسز کی شرح 30 فیصد سے زاید ہوچکی ہے ، ڈیلٹا ویرینٹ بہت خطرناک ہے، وفاقی حکومت خیال کرنے کے بجائے ہم پر تنقید کررہی ہے، جب بھارت میں کورونا عروج پرتھا تو حکومت نے سکھوں کے لیے بارڈر کھولااس کی وجہ سے ڈیلٹا وائرس پاکستان میں داخل ہوا، کم وسائل کے باوجود ہم نے کئی مسائل دور کیے ہیں، یہ خود کچھ کرنا چاہتے ہیں نہ کسی کو کرنے دیتے ہیں ، سندھ میں لاک ڈائون پر سیاست کررہے ہیں، قدرتی آفات میں جہاں بھی نقصان ہوا خان صاحب نے وہاں عوام کو لاوارث چھوڑا۔انہوں نے کہاکہ پارلیمانی طریقے سے حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے، کشمیر میں دھاندلی کو بے نقاب کریں گے ،ہم نے دھاندلی کے باوجود 11 سیٹیں آزاد کشمیر میں جیتیں، ہم ہر کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ کا مقابلہ کریں گے، آزاد کشمیر کا وزیر پیسے بانٹ رہا ہے اور الیکشن کمیشن نے کچھ نہیں کیا۔