لاک ڈاؤن، لاک ڈاؤن بلاول آپ چاہتے کیا ہیں؟ اسد عمر

102

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے بلاول کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن، لاک ڈاؤن، لاک ڈاؤن، زرداری صاحب آپ چاہتے کیا ہیں؟ لاک ڈاؤن نے بھارت میں کروڑوں لوگوں کو غربت کی دلدل میں دھکیل دیا اور بھارت کی معیشت 7 فیصد سکڑ گئی۔یہ بات وفاقی وزیر نے اپنے ٹوئٹ میں بلاول زرداری کے بیان پر ردعمل میں کہی۔ اسد عمر نے کہا کہ بلاول آپ کہتے ہیں کہ اگر کراچی میں کورونا وائرس پھیلا تو ذمے دار عمران خان ہوں گے، اسد عمر ے کہا کہ اس وقت کورونا سے بھارت میں ہونے والی اموات پاکستان سے 3 گنا زیادہ ہیں، بھارت میں کروڑوں لوگوں کو غربت میں دھکیل دیا گیا جو آج تک غربت سے نکالے نہیں جاسکے، بھارت کی معیشت 7 فیصد سکڑ گئی، بھارتی معیشت کے لیے یہ آزادی کے بعد سے بدترین سال تھا۔اسد عمر نے کہا کہ یہ واضح طور پر ایک ایسا موضوع ہے جسے آپ اچھی طرح نہیں سمجھتے، برائے مہر بانی کورونا ریسپانس کو سیاست کی نذر نہ کیا جائے، زندگی اور معاش دونوں کی حفاظت کے وزیر اعظم عمران خان کے ویژن پر مبنی حکمت عملی نے بہترین نتائج پیدا کیے۔انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے کہ کل کے این سی او سی کے اجلاس میں سندھ حکومت ان تمام معاملات پر مزید تفصیل کے ساتھ مشاورت کرے گی، اور مشاورت سے ایک ایسی حکمت عملی وضع ہو گی جس میں ریاست کے سب ستون مل کر سندھ کے عوام کی صحت اور روزگار دونوں کا دفاع کریں۔