ایران : رہبر اعلیٰ کیخلاف مظاہرہ ، کئی افراد گرفتار

289
تہران: رہبراعلیٰ خامنہ ای کے خلاف مظاہرہ کرنے والے شہریوں پر پولیس تشدد کررہی ہے

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران کے دارالحکومت تہران میں رہبر اعلیٰ خامنہ ای کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جب کہ حکام نے عرب اکثریتی علاقے اہواز میں کئی سماجی کارکنان کو گرفتار کر لیا۔ ان افراد کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب یہ لوگ دریائے کارون کے نزدیک صوبے سے پانی کی منتقلی کی پالیسی پر احتجاج کر رہے تھے۔ سیکورٹی فورسز نے مظاہرین پر دھاوا بول دیا، جنہوں نے احتجاجی بینر اٹھا رکھے تھے۔ گرفتار ہونے والے مظاہرین میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔ اہواز میں احتجاجی تحریک کی رابطہ کار کمیٹی کی جانب سے جاری بیان میں تمام گرفتار شدگان کی رہائی، انٹرنیٹ کی عدم بندش اور پر امن مجمع کی ضمانت کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ بیان میں زور دیا گیا ہے کہ صوبے کے دریاؤں کا پانی منتقل کرنے کا سلسلہ روک دیا جائے۔ نیز کسانوں اور کاشت کاروں کو ہونے والے نقصان کا زر تلافی بھی ادا کیا جائے۔ دوسری جانب دارالحکومت تہران میں سیکڑوں ایرانی شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ انہوں نے رہبر اعلیٰ خامنہ ای کے خلاف نعرے بازی کی اور رہبر اعلیٰ کی معزولی کے مطالبے کے پلے کارڈ بھی اٹھائے۔ جب کہ جنوب مغربی شہر اہواز کے وسط میں احتجاجی کرنے والوں نے خامنہ ای کی تصاویر جلائیں۔

 

ٍ