راولپنڈی ( نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق اوردیگر مرکزی قائدین 6تا8اگست راولپنڈی ضلع کا دورہ کریں گے۔ اس تین روزہ دورے کے مختلف پروگراموں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی دفتر سید مودودی بلڈنگ میں ضلعی سیاسی کمیٹی کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس اجلاس میں مرکزی قائدین کے دورہ راولپنڈی کے پروگراموں کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔ خاص طور پر 7اگست کو بلدیاتی، قومی و سیاسی کنونشن کی تیاریوں، انتظامات اور حاضری کے بارے میں تفصیلی غور وغوض کیا گیا۔ سید عارف شیرازی نے کہا 6تا8اگست کے دورے میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کے ہمراہ سیکرٹری جنرل امیر العظیم، نائب امراءلیاقت بلوچ، پروفیسر محمد ابراہیم خان، میاں محمد اسلم، راشد نسیم، اسد اللہ بھٹو،ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی،ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن،وقاص انجم جعفری،حافظ ساجد انور،امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم،جنرل سیکرٹری اقبال خان، نائب امراءڈاکٹر مبشر احمد صدیقی,قاضی محمد جمیل اور دیگر عہدیداران بھی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی قائدین راولپنڈی شہر اور کینٹ کے علاوہ ٹیکسلا،واہ،تحصیل راولپنڈی،دولتالہ، گوجر خان، کلر سیدان،کہوٹہ،کوٹلی ستیان اور مری میں بھی مختلف پروگراموں میں شر یک ہونگے اور خطاب بھی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی، قومی و سیاسی کنونشن کے موقع پر متعدد، دینی و سیاسی اور سماجی شخصیات جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان بھی کریں گی۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق اور دیگر قائدین اپنے اس دورے کے دوران ورکرز کنونشن، خواتین کنونشن، یوتھ کنونشن، تعلیمی کنونشن، میڈیا اور سوشل میڈیا کنونشن کے علاوہ تاجروں اور میڈیا کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے۔