لاڑکانہ، سینٹرل جیل کے قیدیوں کا تیسرے روز بھی احتجاج

167

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ سینٹرل جیل کے قیدیوں کی جانب سے تیسرے روز بھی احتجاج جاری رکھتے ہوئے بیرکوں کی چھت پر چڑھ گئے جہاں انہوں نے کپڑوں کو نذرآتش کرکے جیل انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔اس موقع پر قیدیوں محمد علی کھوکھر، بشو شابرانی و دیگر کا کہنا تھا کہ ہم گزشتہ تین روز سے مسلسل سراپا احتجاج ہیں لیکن جیل انتظامیہ ہمارے مسائل حل نہیں کررہی ہے جس کے باعث تمام قیدیوں میں سخت پریشانی کی لہر چھائی ہوئی ہے، دوسری جانب آئی جی جیل سندھ قاضی نذیر لاڑکانہ سینٹرل جیل پہنچے جہاں انہوں نے ڈی آئی جی جیل راجا ممتاز اور نئے جیل سپرنٹنڈنٹ لاڑکانہ اشفاق کلوڑ کے ہمراہ قیدیوں کے ساتھ مذاکرات کیے جو بغیر نتائج کے ختم ہونے پر آئی جی جیل کراچی روانہ ہوگئے جبکہ ان کی جانب سے ڈی آئی جی جیل سکھر اور نئے جیل سپرنٹنڈنٹ لاڑکانہ کو ذمے داری سونپ دی گئی کہ وہ قیدیوں کے ساتھ دوبارہ مذاکرات کرکے ان کے مسائل حل کرکے جیل میں جاری کشیدگی کو ختم کریں۔ واضح رہے کہ گزشتہ تین روز سے مسلسل قیدیوں اور جیل انتظامیہ کے درمیان کشیدگی جاری ہے۔