راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان جنوبی افریقہ کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، جنوبی افریقہ براعظم افریقہ کا ایک اہم ملک ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے جنوبی افریقہ کی مسلح افواج کے سربراہ سے ملاقات کی ، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اورخطے کی سیکیورٹی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں دفاعی اورسیکیورٹی شعبوں میں تعاون پر بات چیت کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل ردزنی نےخطے میں افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔
دوسری جانب جنرل ندیم رضا نے بھی جنوبی افریقہ کی مسلح افواج کے سربراہ سے ملاقات کی، جس میں علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال اوردونو ممالک کے درمیان ملٹری تعان بڑھانے پر غور کیا گیا۔
جنرل ردزنی نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہاتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا،جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹر ز آمد پر معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔