فوجی نرسری کی پیداوار نوازشریف انہی کیخلاف زہر اگلتا ہے ،شیخ رشید

224
اسلام آباد، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد پریس کانفرنس کررہے ہیں

اسلام آباد (اے پی پی/ آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نوازشریف فوجی نرسری کی پیداوار ہیں اور اسی فوج کے خلاف بدزبانی اور زہر اُگل رہے ہیں ‘وہ ساری زندگی لگے رہیں‘ اقتدار کا منہ نہیں دیکھ سکتے‘ وہ مودی اور جندال کے ساتھ پگڑیاں بدلتے ہیں‘ پی ٹی آئی آزاد کشمیر میں تنہا حکومت بنائے گی‘ جب تک نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) اپنی سیاست سے غیر پارلیمانی اور غیر ذمے دارانہ زبان کو نہیں نکالیں گے پاکستان میں ان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں ہے‘ پاک فوج کی عظیم قربانیوں کے بعد اب ایک محفوظ اور پر امن پاکستان موجود ہے‘ افغانستان کیسرحد پر باڑ کی تنصیب کا کام 14 اگست تک مکمل کر لیا جائے گا‘ پاکستان میں ویزا کے بغیر سالوں سے مقیم غیر ملکی 14 اگست تک پاکستان چھوڑ دیں یا ویزا کے لیے اپلائی کر دیں‘ اس صورت میں ان کو جرمانہ معاف کیا جائے گا‘ نادرا میں تصدیق، تجدید اور تصحیح کی نئی پالیسی لا رہے ہیں‘ نور مقدم کیس میں کسی سے رعایت نہیں برتی جائے گی‘ افغان فوجیوں کو خوش اسلوبی کے ساتھ افغانستان کے حوالے کیا جائے گا۔ پیرکو وزارت داخلہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں پوری کوشش ہو گی کہ سندھ میں بھی حکومت بنائیں‘نواز شریف پاکستان آئیں اور مقدمات کا سامنا کریں لیکن وہاں سے کمپنی کی مشہوری کے لیے اینٹی اسٹیٹ، اینٹی فوج اور اینٹی عمران خان تقریریں نہ کریں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر میں شکست کے بعد سیاپا اور رونا دھونا شروع کر دیا ہے‘ ان شا اللہ 2023ء میں بھی یہی کہیں گے کہ دھاندلی ہوئی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کو اللہ نے جو فتح دی ہے اور کشمیریوں نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ خوش آئند ہے، ان شا اللہ وہ کشمیریوں کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ افغان آرمی کے5 افسران سمیت 46 اہلکار پاکستان آئے ہیں، ان کو باعزت طور پر اور مہمان نوازی کے ساتھ واپس کریں گے۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ پاکستان کے خلاف بھارت اور اسرائیل نے ہائبرڈ وار شروع کی ہوئی ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ ہمارا ڈیٹا چوری کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں‘ نادرا کو بدنام کرنے کے لیے ایک انٹرنیشنل سوشل میڈیا کا استعمال ہو رہا ہے تاکہ اس ملک کے ڈیٹا کو ہی مشکوک بنا دیا جائے۔