لاہور (آن لائن) چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان بڑے مشکل دور سے گزر رہا ہے اسے معاشی طور پر مستحکم کرنے کیلیے سب کو باہمی اختلافات بھلا کر ملک کی ترقی کیلیے اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، اکیلا فرد کچھ نہیں کر سکتا، پاکستان کا نام عالمی سطح پر بلند کرنے کیلیے تمام جماعتوں کو کارکردگی دکھانا ہوگی اور قومی سلامتی کے اداروں کے ہاتھ مضبوط کرنا ہوں گے، مخالفت میں نہیں ملک کی خدمت میں ہم سب کو ایک دوسرے سے آگے بڑھنا ہو گا، عوام خوشحال
ہوں گے تو پاکستان ترقی کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی 164 کی معروف سیاسی شخصیات سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے ن لیگی سابق رہنما چودھری زین شوکت ڈگراں کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ سابق ن لیگی رہنما چودھری زین شوکت نے چودھری پرویزالٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کی قائدانہ صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد ہے، پارٹی مجھے جوبھی ذمے داری سونپے گی اس پر پورا اتروں گا۔ ن لیگ کی عوام مخالف پالیسیوں سے متنفر ہو کر 30 سال بعد پارٹی چھوڑی ہے۔