بھارت نے بتادیا کہ فیٹف کٹھ پتلی ادارہ ہے،رضا ربانی

205

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں)سابق چیئرمین سینیٹ و پیپلزپارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان نے اپنی سیاسی خودمختاری کو فروخت کردیا ہے۔رضا ربانی کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر خارجہ کے بیان نے حقیقت واضح کردی کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کٹھ پتلی ادارہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے بین الاقوامی سامراج کی خوشنودی کیلیے پاکستان کو ان کی مؤکل ریاست بنادیا اور اپنی سیاسی خودمختاری کو فروخت کردیا۔رضا ربانی کا کہنا تھاکہ حکومت بھارتی عزائم سے آگاہ تھی، حکومت راگ الاپتی رہی کہ ہم گرے لسٹ سے باہر نکل آئیں گے لیکن ایسا نہیں ہوا۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) میں پاکستان کے خلاف سازش کا اعتراف کیا تھا۔دوسری جانب سابق وزیرِداخلہ سینیٹر رحمان ملک نے بھارتی وزیرخارجہ کے بیان کا خصوصی ٹیم کے ذریعے تحقیقات کا مطالبہ کر دیا ۔ سینیٹر رحمان ملک نے ایف اے ٹی ایف کے صدر کو خط لکھا ہے، جس میں انہو ں نے کہا ہے بھارتی وزیرخارجہ کے بیان کو ایف اے ٹی ایف کے اگلے اجلاس میں سامنے رکھا جائے ۔ایف اے ٹی ایف کے پاکستان کیساتھ امتیازی اور جانبدارنہ سلوک کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر نے کہا کہ بھارت نے یقینی بنایا کہ پاکستان گرے لسٹ سے نہ نکل سکے۔ بھارتی وزیر خارجہ کے اعتراف نے ایف اے ٹی کی شفافیت پر ایک بڑا سوال کھڑا کیا ہے، رحمان ملک نے کہا بھارتی وزیرخارجہ کے بیان کے بعد پاکستان کیخلاف ایف اے ٹی ایف کی کارروائی متنازع ہوئی، ایف اے ٹی ایف کی پاکستان کے خلاف متضاد پالیسی عالمی سطح پر بے نقاب ہوگئی، بھارتی وزیر خارجہ کا یہ بیان پاکستان کو گرے لسٹ میں ڈالنے میں بھارتی مداخلت کی تصدیق کرتا ہے۔ روز اوّل سے کہتا آ رہا ہوں کہ پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، سیاسی دباؤ اور اثرورسوخ کی وجہ سے پاکستان کو مسلسل گرے لسٹ میں رکھا گیا ہے۔ایف اے ٹی ایف جیسے بین القوامی فورمز کو سیاسی مقاصد کیلیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے تھا، بھارتی وزیرخارجہ کے اعترافی بیان کے بعد ایف اے ٹی ایف فوراً پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال دے۔