لاہور(نمائندہ جسارت) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کا الیکشن باشعور کشمیریوں کے نوازشریف کی قیادت پر اعتماد کا تاریخی فیصلہ ہو گا، کشمیریوں کا جوش شیر کی فتح کی نوید ہے۔ایک بیان میںمیاں شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کے لیے تعمیر، ترقی، خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز کریں گے،آزاد کشمیر میں موٹر ویز ، تعلیم، صحت اور عوام کی ترقی کے مثالی منصوبے لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اللہ کے کرم سے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ کشمیر کے عوام نے تاریخی محبت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب الیکشن مہم پر تمام رہنمائوں، کارکنان اور عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام باشعور اور اہل بصیرت ہیں، جو اپنے ووٹ کی طاقت سے اپنے حقوق کی حفاظت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو مایوس اور مجبور کرنے والے آزاد کشمیر کے عوام کو کچھ نہیں دے سکتے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ جیسے پنجاب سمیت پورے ملک کو ترقی دی، اسی طرح آزاد کشمیر کے عوام کو بھی ان کا حصہ دیں گے۔شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کا ولولہ، کارکنان کا جذبہ اور ووٹرز کا جوش شیر کی فتح کی نوید ہے۔انہوں نے کہا کہ بڑے پیمانے پر مسلم لیگ(ن)کے جلسوں میں شرکت پر عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام الیکشن ڈے پر گھروں سے نکلیں اور شیر پر مہر لگائیں۔