مظفر آباد ( آن لائن) آزاد کشمیر انتخابات میں مداخلت کرنے پر راجہ فاروق حیدر نے اسلام آباد میں دھرنا دینے کی دھمکی دے دی۔مظفرآباد میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں وزیر اعظم پاکستان اور ان کے وزرا کی براہ راست مداخلت بند نہ ہوئی تو اسلام آباد میں دھرنا دیں گے۔وزیر اعظم عمران خان اور ان کی کابینہ کے اراکین ڈھٹائی سے آزاد جموں کشمیر کے آئین کی بے حرمتی اور خلاف ورزی کر رہے ہیں، میں اپنا معاملہ پاکستان کے عوام کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں۔کیا آزاد جموں و کشمیر کا آئین، قوانین، قواعد و ضوابط ان پر لاگو نہیں ہوتے، کیا وہ ہمیں غلام سمجھتے ہیں جن کو پیسوں سے خریدا جاسکتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کے خلاف آزاد جموں و کشمیر کے الیکشن کمیشن نے نہ صرف پولیس کو قانون کے تحت ان کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دیا تھا بلکہ ضابطہ اخلاق اور انتخابی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کے ارتکاب پر علاقہ چھوڑنے کی بھی ہدایت کی تھی تاہم وہ ڈھٹائی کے ساتھ قانون کی دھجیاں بکھیر رہا ہے ۔