کوہاٹ ، بارش نے تباہی مچادی ،دو مختلف واقعات میں 5 بچے جاں بحق

126

کوہاٹ(این این آئی)کوہاٹ ڈویژن میں موسلادھار بارش نے تباہی مچادی جہاں دو مختلف واقعات میں پانچ کمسن بچے جاں بحق ہوگئے جن میں ایک بہن اور دو بھائی اور بھائی بہن شامل ہیں۔ ریسکیو 1122 کوہاٹ کے ترجمان اور مقامی ذرائع کے مطابق پیر کی علی الصبح کوہاٹ ڈویژن کے اکثر علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی اور کئی علاقوں میں ندی نالوں میں شدید طغیانی آگئی۔ اطلاعات کے مطابق شکردرہ کے علاقے سپین مڑی چور لکی نامی برساتی نالے میں ایک ہی خاندان کے 7 کمسن بچے اس وقت سیلابی پانی کی نذر ہوگئے جب وہ نالے میں نہانے کی کوشش کررہے تھے۔ اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے پہنچ کر بہہ جانے والوں بچوں کی تلاش شروع کردی جہاں 4 بچوں کو زندہ بچالیا گیا تاہم شاہ حسین نامی شخص کا 8 سالہ بیٹا اعزار اور 6 سالہ بیٹی رقیہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو ترجمان کے مطابق 2 سالہ سعد ولد شاہ حسین سیلابی پانی میں بہہ جانے کی وجہ سے لاپتا تھا جسے بعدازاں تلاش کرلیا گیا۔ یوں دو بھائیوں اور ایک بہن سمیت ایک ہی گھرانے کے تین بچے اللہ کو پیارے ہوگئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق زندہ نکالے جانے والے چار بچوں کو مقامی اسپتال شکردرہ منتقل کردیا گیا جن میں ایک بچے کو ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم نے ڈویژنل ہیڈکوارٹر اسپتال کوہاٹ منتقل کردیا جہاں بچے کو طبی امداد دی جارہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے بچوں کی عمریں 3 سے 12 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔ زندہ بچ جانے والوں میں توصیف عالم ولد ساجد حسین، فہد ولد طاہر حسین، رابعہ دختر شاہ حسین اور ایمان دختر طاہر حسین شامل ہیں۔ ایک ہی گھر سے تین کمسن بچوں کی ہلاکت پر پورا علاقہ سوگوار ہوگیا۔ یاد رہے کہ ایک دن قبل ہی انڈس ہائی وے پر ٹریفک کے حادثے میں شکردرہ کے کئی افراد ہلاک و زخمی ہوگئے تھے۔ ادھر موصولہ اطلاع کے مطابق ضلع کرک کی تحصیل تخت نصرتی کے علاقہ کندہ سراج خیل میں اسکول سے گھر واپس آنے والے کمسن بچے بارش سے بچنے کے لیے ایک دیوار کی آڑ میں پناہ لیے ہوئے تھے کہ اچانک دیوار منہدم ہوکر بچوں پر گئی جس کی زد میں آکر صابر نواز نامی شخص کا 10 سالہ سدیس اور 6 سالہ ایمن جاں بحق جبکہ تین دیگر بچے زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا۔