ڈیرہ غازی خان مسافر بس اور ٹرمینل میں تصادم عید پر گھر جانے والے 34 افراد جاں بحق،41 زخمی

310

ڈیرہ غازی خان/اسلام آباد(صباح نیوز+ مانیٹرنگ ڈیسک)ڈیرہ غازی خان میں خوفناک مسافر بس اور ٹریلر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں34افرادجاں بحق اور 41زخمی ہوگئے ۔واقعہ تونسہ بائی پاس کے قریب انڈس ہائی وے پر پیش آیا جہاں سیالکوٹ سے راجن پور جانے والی مسافر بس مخالف سمت سے آنے والے ٹرالر سے ٹکراگئی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو ڈاکٹر نیئر عالم کا کہنا ہے کہ بس میں 75 مسافر سوار تھے۔ لاشوں اور زخمیوں کو ڈیرہ غازی خان ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا گیا ۔طبی عملے نے ابتدائی طور پر 18 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی جب کہ 60 سے زائد زخمیوں میں سے 16 دوران علاج دم توڑ گئے۔اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والوں میں سے بعض کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، جس کی وجہ سے جانی نقصان میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔مقامی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ بس کے مسافروں کی اکثریت مزدور پیشہ افراد کی تھی اور وہ عید الاضحی منانے اپنے آبائی علاقے جارہے تھے۔ڈی جی خان کے کمشنر ارشاد احمد کے مطابق حادثے میں جاں بحق بیشتر افراد کا تعلق راجن پور سے ہے جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ ریسکیو ذرائع کا بتانا ہے کہ جائے وقوعہ سے بس اور ٹریلر کو ہٹا دیا گیا ہے اور ٹریفک بحال کر دی گئی ہے۔ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوںنے کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے رابطہ کرکے زخمیوں کے علاج معالجے سے متعلق ہدایات دیں۔ عثمان بزدارنے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ ہیں، غم کی گھڑی میں جاں بحق افرادکے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔دریں اثناء وزیراعظم عمران خان ٹویٹ کیا کہ ڈی جی خان کے قریب پیش آنے والے المناک حادثے اوراس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پرنہایت رنجیدہ اورصدمے میں مبتلا ہوں،پنجاب حکومت کومتاثرہ خاندانوں کی مدد کرنے اورانہیں فوری سہارافراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔عمران خان نے مزید کہا کہ میری تمام ترہمدردیاں سوگوارخاندانوں کے ساتھ ہیں۔

ڈیرہ غازی خان: مسافر بس اور ٹرالر کے مابین تصادم کے بعد ٹیمیں اور جائے حادثہ پر موجود افراد امدادی کارروائی میں مصروف ہیں