اسلام آباد(خبر ایجنسیاں)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد سے افغانستان کے سفیر کی بیٹی کے اغوا کے معاملے کو سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کوئی اغوا نہیں تھا بلکہ یہ انٹرنیشنل ریکٹ اور سازش ہے۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے افغان سفیر کی بیٹی کے اغوا سے متعلق سوال پر وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ایک لڑکی گھر سے پیدل نکلتی ہے، کھڈا مارکیٹ میں آکر ٹیکسی لیتی ہے، ہمارے پاس فوٹیج ہے، وہ راولپنڈی جاتی ہے، وہاں سے دامن کوہ آتی ہے اور وہاں سے تیسری ٹیکسی لیتی ہے، سارے ٹیکسی مالکان اور ڈرائیور ہمارے پاس ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پہلے کہتی ہیں فون لے گئے بعد میں جب فون دیتی ہیں تو اس کا تمام نظام وٹس ایپ، انسٹاگرام، کلاو¿ڈ اور سب کچھ ڈیلیٹ کرکے دیتی ہے، ہم ان کے ساتھ مکمل تعاون کرنا چاہتے ہیں، ہم نے پرچہ کاٹ دیا ہے اور تین دفعات لگا دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم پنڈی کی ساری سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھ رہے ہیں، یہ دو نہیں تین ٹیکسیاں نکلی ہیں، کیونکہ انڈیا دنیا میں پاکستان کو بدنام کر رہا ہے لیکن وہ اس کو مان نہیں رہی ہیں، ہم اور فوٹیج بھی حاصل کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اصل مسئلہ یہ ہے کہ یہ راولپنڈی کینٹ سے دامن کوہ کیسے پہنچی ہیں، راستے میں ان کا گھر آتا تھا وہاں اتر سکتی تھیں، دامن کوہ سے تیسری ٹیکسی لی ہے، تیسری ٹیکسی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ میں گھر اس لیے نہیں گئی کہ میرے کپڑے مناسب نہیں تھے اور وہاں پر انہوں نے صوبت اللہ کو بلایااور ان کےساتھ گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوئی اغوا نہیں کیا گیا ابھی تک، ہم نے ان کے کہنے پر پرچہ کیا کہ اغوا کیا گیا، ہم ایک فوٹیج ڈھونڈ رہے ہیں، انہوں نے جو تحریر دی ہے اس پر پرچہ دے دیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ میں آپ کو اور پوری قوم کو بتانا چاہتا ہوں یہ انٹرنیشنل ریکٹ ہے، یہ انٹرنیشنل سازش ہے، یہ را کا ایجنڈا ہے، را نے ساری دنیا میں یہ بات پھیلائی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں ساری قوم کے سامنے خدا کو گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ تفتیش کی ہے، یہ گھر سے اکیلی نکلی ہیں، وہاں سے یہ شاپنگ کے لیے کھڈا مارکیٹ گئی ہیں، کھڈا مارکیٹ سے ٹیکسی لی ہے، وہ ڈرائیور اور مالک بھی ہمارے پاس ہے، یہ راولپنڈی گئی ہیں اور گھکڑ پلازہ اتری ہیں۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پھر یہ دامن کوہ آئی ہیں، دامن کوہ سے ایف نائن پارک گئی ہیں، ہمیں ایک گاڑی چاہیے، تین گاڑیاں ہمارے پاس ہیں، یہ مان ہی نہیں رہی ہیں کہ میں راولپنڈی گئی ہوں۔انہوں نے کہا کہ جو میڈیا پر تصویریں چلی ہیں وہ جعلی ہیں، یہ منصوبہ بندی ہے یا نہیں مجھے نہیں پتا، ہم نے ان کے احترام میں پرچہ دے دیا، پہلے کہتے تھے فون کھو گیا ہے اور فون ملا تو سب کچھ ڈیلیٹ کرکے دے دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس لڑکی نے دامن کوہ میں انٹرنیٹ بھی استعمال کیا، اس میں کوئی شک نہیں ہے یہ کھڈا مارکیٹ سے ٹیکسی ڈرائیور کے ساتھ راولپنڈی گئی ہیں۔